En

اردو، چینی خطاطی کی نمائش بیجنگ میں شروع

By Fatima Javed | Gwadar Pro Sep 23, 2025

پاکستان اور چین کی خطاطی پر مبنی آرٹ نمائش بیجنگ میں کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا میں شروع ہو گئی، جس کا مقصد اردو اور چینی خطاطی کے لازوال حسن کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی اور آہنی بھائی چارے کی علامت کے طور پر منعقد کی گئی ہے۔ یہ نمائش 22 سے 25 ستمبر 2025 تک جاری رہے گی۔
 
رواں سال کے آغاز میں، اسلام آباد میں واقع نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ میں چینی سفارت خانے کے تعاون سے ایک خصوصی خطاطی نمائش کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس مجموعے میں سے دس بہترین فن پارے منتخب کیے گئے، جنہیں اب بیجنگ میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ یہ فن پارے اتحاد، مشترکہ ورثے، اور بھائی چارے کی مضبوط علامت کے طور پر سامنے آ رہے ہیں۔


 یہ نمائش ایک عالمی پہلو بھی رکھتی ہے، کیونکہ نمائش کے ساتھ ساتھ ایک بین الاقوامی کانفرنس بھی جاری ہے جس کا عنوان ہے: "ثقافتی اظہار کی تنوع کا تحفظ اور فروغ، طریقہ کار اور مستقبل"۔ یہ کانفرنس بھی اسی جامعہ میں 22 تا 25 ستمبر جاری رہے گی، جس میں 23 ممالک کے نمائندگان شریک ہیں۔ اس عالمی پلیٹ فارم پر پاکستان-چین خطاطی کو پیش کیے جانے سے دونوں ممالک کی ثقافت کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کا موقع فراہم ہوا ہے۔

 
منتظمین کے مطابق، خطاطی ایک ایسا قدیم فن ہے جو زبان، نسل اور جغرافیائی سرحدوں سے ماورا ہو کر انسانیت کو جوڑنے کا ذریعہ بنتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نمائش محض ایک فنی مظاہرہ نہیں بلکہ "سیاہی کا پُل"  دوستی، رواداری اور ثقافتی تنوع کا جشن ہے ۔
 

 

 یہ تقریب چین کے انسٹیٹیوٹ فار اے کمیونٹی ود شیئرڈ فیوچر (ICSF) اور پاکستان کے نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ (NLPD) کے اشتراک سے منعقد کی گئی ہے۔ اس کا افتتاح  آ سی ایس ایف کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر لی ہواِلیانگ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آر سی سی ایس ایف خالد تیمور اکرم  اور پاکستان کی وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل این ایل پی ڈی نے مشترکہ طور پر کیا۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles