En

ایس سی او اجلاس میں پاکستان کا سکی کناری ہائیڈرو پاور منصوبہ نمایاں

By Staff Reporter | Gwadar Pro Sep 3, 2025

تیانجن (گوادر پرو) پاک چین اقتصادی راہداری ( سی پیک) کے تحت تعمیر ہونے والا پاکستان کا اہم منصوبہ سکی کناری ہائیڈرو پاور اسٹیشن شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او)  اجلاس 2025 میں پائیدار توانائی کے ایک کامیاب ماڈل کے طور پر پیش کیا گیا۔ یہ اجلاس پیر کو چین کے شہر تیانجن میں اختتام پذیر ہوا۔
  
اجلاس کے موقع پر چین کے معروف جریدے "انٹرنیشنل بزنس ڈیلی" کے خصوصی شمارے میں اس منصوبے کو نمایاں طور پر شائع کیا گیا۔ جو ایس سی او عملی اقدامات میں شنگھائی اسپرٹ کا فروغ کے عنوان  سے شائع ہوا۔

 

 خیبرپختونخوا کے علاقے مانسہرہ میں واقع سکی کناری ہائیڈرو پاور اسٹیشن، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو ( بی آر آئی) کے تحت توانائی کا ایک اہم منصوبہ ہے، جس نے ستمبر 2024 میں باقاعدہ  کمرشل بنیادوں پر بجلی کی پیداوار کا آغاز کیا ۔

 
 رپورٹ کے مطابق اگست 2025 تک یہ منصوبہ 2.7 ارب کلو واٹ گھنٹے سے زائد بجلی قومی گرڈ کو فراہم کر چکا ہے، جس سے نہ صرف ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملی بلکہ صاف اور قابلِ تجدید توانائی کے اہداف کے حصول میں بھی خاطر خواہ پیش رفت ہوئی۔

 پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کی، جس میں یوریشیا بھر سے رہنما اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ پاکستانی وفد کے ایک اہلکار کے مطابق اس منصوبے کو سمٹ میں شامل کیے جانے سے پاکستان کے علاقائی روابط اور ماحول دوست ترقی کے فروغ میں کردار کو اجاگر کیا گیا۔
 

یہ منصوبہ صرف بجلی کی پیداوار تک محدود نہیں، بلکہ مقامی سطح پر بھی ترقیاتی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہا ہے۔ منصوبے کے تحت اب تک ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد درخت لگائے جا چکے ہیں، ایک ٹراؤٹ فش ہچری قائم کی گئی ہے، مقامی طلبہ کو تعلیمی وظائف دیے جا رہے ہیں، جبکہ این-15 ہائی وے کی ازسر نو تعمیر سمیت سڑکوں کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔ قدرتی آفات کے دوران آس پاس کے علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بھی انجام دی گئی ہیں۔

 
ماہرین کا کہنا ہے کہ سکی کناری ہائیڈرو پاور اسٹیشن ایک قابلِ تقلید ماڈل ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ بڑے پیمانے کی سرمایہ کاری کس طرح مقامی ترقی، توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی بہتری کو یکجا کر سکتی ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے منصوبے ایس سی او کے دیگر رکن ممالک کے لیے بھی رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles