چین کی مالی معاونت سے این-5 ہائی وے بحالی منصوبہ میں اہم پیشرفت
اسلام آباد (گوادر پرو)پاکستان کی نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے چین کی مالی معاونت سے چلنے والے این-5 سیکشنل بحالی منصوبے کی تکنیکی جانچ کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق چار چینی کمپنیاں چائنہ روڈ اینڈ بریج کارپوریشن، چائنہ بیورو گروپ کمپنی لمیٹڈ، چائنہ اسٹیٹ انجینئرنگ کارپوریشن لمیٹڈ، اور چائنہ یوننان سنی روڈ اینڈ بریج کمپنی لمیٹڈ اعلیٰ تکنیکی اسکور کے حامل ہونے کے باعث بولی کے اگلے مرحلے میں شامل ہوں گی۔
تقریباً 638 ملین یوآن (88 ملین امریکی ڈالر سے زائد) مالیت کے اس منصوبے کو چینی حکومت کی گرانٹ کے ذریعے مالی تعاون فراہم کیا جا رہا ہے، جو انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور کنسٹرکشن (ای پی سی ) انجینئرنگ، خریداری اور تعمیرات کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔
منصوبے کا دائرہ کار تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن، سڑک کی بحالی، پلوں اور نالوں کی مرمت، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور حفاظتی اقدامات پر مشتمل ہے، جو ہالا سے مورو تک این-5 ہائی وے کے مصروف حصے پر نافذ کیے جائیں گے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے ٹریفک کی روانی بہتر ہو گی، سڑک کی حفاظت میں اضافہ ہو گا، اور تجارتی و اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، کیونکہ این-5 ہائی وے بندرگاہی شہر کراچی کو شمالی پاکستان سے جوڑتی ہے اور مال برداری کی ایک اہم گزرگاہ ہے۔
یہ اقدام پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے چین کے مسلسل عزم کا مظہر ہے اور دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر اسٹریٹجک شراکت داری کا حصہ ہے۔


