En

جنوبی پنجاب میں چینی زبان کی تعلیم کا فروغ ،غازی یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح

By Staff Reporter | Gwadar Pro Aug 29, 2025

ڈیرہ غازی خان (گوادر پرو) جنوبی پنجاب میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کا پہلا ادارہ غازی یونیورسٹی، ڈیرہ غازی خان میں قائم کر دیا گیا ہے۔ یہ ادارہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد (یو اے ایف)کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے، جو علاقے میں چینی زبان اور ثقافت کے مطالعے کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
 
اس انسٹی ٹیوٹ کا آغاز رواں ماہ ایک تعارفی اجلاس کے ساتھ ہوا، جس میں اساتذہ، طلباء اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ پہلے مرحلے میں تقریباً 200 طلباء نے چینی زبان پڑھنے اور بولنے کی مہارت سیکھنے کے لیے داخلہ لیا ہے۔

 غازی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد، جنہوں نے اس منصوبے کی قیادت کی، نے کہا کہ یہ اقدام "جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لیے تعلیم، روزگار اور کاروبار کے نئے  باب کھولے گا  اور ساتھ ہی ساتھ پاک چین اقتصادی راہداری ( سی پیک ) سے  منسلک مواقع میں بھی اضافہ کرے گا۔


 غازی یونیورسٹی میں انسٹی ٹیوٹ کا قیام  یو اے ایف کے تحت قائم کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ (CI-UAF) کے دائرہ کار میں توسیع کا حصہ ہے۔ رواں سال جون میں CI-UAF نے تین جامعات – یونیورسٹی آف فیصل آباد ، چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور، اور غازی یونیورسٹی – کے ساتھ معاہدے کیے تاکہ پنجاب بھر میں ذیلی کیمپس قائم کیے جا سکیں۔


 ایک سرکاری بیان کے مطابق، یہ توسیع CI-UAF کے اس مشن کی عکاسی کرتی ہے جس کا مقصد چینی زبان کی تعلیم کو فروغ دینا، ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا اور چین و پاکستان کے درمیان تعلیمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

 جنوبی پنجاب میں نئے ذیلی کیمپس خاص طور پر پاکستان میں چینی زبان کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کریں گے اور طلباء کو  سی پیک کے تحت بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنائیں گے۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles