En

چین کے ساتھ خلائی تعاون، سی پیک فیز ٹو میں اہم پیشرفت ہے، احسن اقبال

By Staff Reporter | Gwadar Pro Aug 5, 2025

 بیجنگ (چائنا اکنامک نیٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ چکے ہیں، جس کی حالیہ مثال دونوں ممالک کی جانب سے چوتھے زمینی مشاہداتی سیٹلائٹ کا کامیاب مشترکہ لانچ ہے، اس کے بعد یہ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔  انہوں نے یہ بات بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان بنیادی ڈھانچے، معیشت، ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی میں تعاون نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ان کا دورہ وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ ستمبر میں چین میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے لیے تیاریوں اور متوقع 14ویں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی ( جے سی سی )اجلاس کے تناظر میں تھا۔ اس دوران انہوں نے چین کی بین الاقوامی ترقیاتی تعاون ایجنسی (CIDCA) کے نئے چیئرمین سمیت اعلیٰ چینی حکام سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان کے پسماندہ علاقوں اور دور دراز کے طلبا کے لیے سماجی و اقتصادی منصوبوں کے دائرہ کار کو بڑھانے پر بات چیت کی۔

سی پیک کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ اب توجہ  بزنس ٹو بزنس (B2B) تعاون، صنعتی ترقی، زرعی جدیدیت، اور ہائی ٹیک تربیت پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 8000 میگاواٹ سے زائد توانائی، جدید شاہراہوں اور آپٹیکل فائبر کوریڈور کی تکمیل جیسے اہم اہداف حاصل کیے گئے، جبکہ اب نوجوانوں اور کسانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی زرعی ماہرین کی چین میں تربیت جاری ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سامان، سرجیکل آلات اور دیگر مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے بھی سرگرم ہے۔ انہوں نے پرامن جوہری ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 2026 تک اپنا پہلا خلا باز خلا میں بھیجے گا، جبکہ 2035 تک چاند پر مشن میں شرکت کا ارادہ رکھتا ہے۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles