En

رواں سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان کی چین کو نمک کی برآمدات میں 33 فیصد اضافہ

By Staff Reporter | Gwadar Pro Aug 2, 2025

بیجنگ(چائنا اکنامک نیٹ) رواں سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان کی چین کو نمک کی برآمدات میں 33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے ہوتے تجارتی تعلقات کا عکاس ہے۔

چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (جی اے سی سی ) کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، جنوری سے جون 2025 کے دوران پاکستان نے چین کو 3.74 ملین امریکی ڈالر مالیت کا صنعتی نمک برآمد کیا، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ مقدار 2.84 ملین ڈالر تھی۔ اس دوران نمک کی برآمدی مقدار 2 کروڑ 39 لاکھ 40 ہزار کلوگرام رہی، جبکہ فی کلو اوسط قیمت 0.15 ڈالر رہی۔

تمام اقسام کے نمک (خوراک، صنعتی اور دیگر) کو شامل کیا جائے تو 2025 کی پہلی ششماہی میں پاکستان کی چین کو نمک کی مجموعی برآمدات 3.93 ملین ڈالر رہیں، جو 2024 کے اسی عرصے میں 2.95 ملین ڈالر تھیں، یوں کل برآمدات میں 33 فیصد اضافہ ہوا۔

نمک کی تجارت میں یہ اضافہ پاک چین تجارتی تعلقات میں ایک وسیع تر مثبت رجحان کا حصہ ہے۔ جنوری سے جون 2025 کے دوران پاکستان کی چین کو کل برآمدات 1.248 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اہم برآمدی اشیاء میں تانبا،  کاٹن یارن، سمندری خوراک، تل، زنک اور لوہے کی دھاتیں (جن میں روسٹڈ آئرن پائیریٹس بھی شامل ہیں) اور چاول شامل ہیں۔

پاکستانی نمک کے تاجر محمد ذیشان نے اس مسلسل اضافے کو بہتر لاجسٹکس، چین-پاکستان فری ٹریڈ ایگریمنٹ ( سی پی ایف ٹی اے) کے تحت سازگار مارکیٹ رسائی، اور چین میں پاکستانی پنک سالٹ کی بڑھتی ہوئی صنعتی طلب کا نتیجہ قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نمک کی برآمدات میں یہ اضافہ پاکستان کی برآمداتی مصنوعات کے تنوع کی علامت ہے اور مستقبل میں دو طرفہ تجارتی تعاون، خصوصاً نمک کی صنعت میں، ایک مثبت سمت کی نشاندہی کرتا ہے۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles