En

گوادر،سنٹرل پارک میں زیرِ زمین واٹر ٹینک فعال، شہر کے متعدد علاقوں میں باقاعدہ سپلائی شروع

By Staff Reporter | Gwadar Pro Jul 28, 2025

گوادر،(گوادر پرو) گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) نے سنٹرل پارک میں قائم ایک ملین گیلن گنجائش کے زیرِ زمین پانی کے ذخیرہ ٹینک کو فعال کر کے شہر کے مختلف رہائشی علاقوں میں باقاعدہ پانی کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے۔
  

اتھارٹی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق منصوبہ جی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمن خان کی خصوصی ہدایات پر مکمل کیا گیا، جس میںمکمل طور پر جدید پمپنگ اسٹیشن اور بجلی کا نظام بھی شامل ہے تاکہ پانی کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنائی جا سکے۔
 
ٹینک کے فعال ہونے کے بعد فقیر کالونی ساوتھ، جی ڈی اے کالونی، کلانچی پاڑہ، نیا آباد اور شمبے اسماعیل وارڈ میں باقاعدہ پانی کی فراہمی شروع ہو گئی ہے۔ جی ڈی اے حکام کے مطابق فقیر کالونی نارتھ اور دھور گھاٹی میں نئی پائپ لائنوں کی جانچ اور ترسیل کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
 
جی ڈی اے کے ترجمان نے اس پیش رفت کو گوادر میں پانی کی قلت کے دیرینہ مسئلے کے حل کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے شہریوں کو مستقل اور قابلِ اعتماد پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

 اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھریلو کنکشن کے لیے فوری درخواستیں جمع کرائیں تاکہ پانی کی ترسیل کے دائرے میں وسعت کے ساتھ ہی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

واضح رہے کہ سنٹرل پارک میں تعمیر کیا گیا یہ ٹینک 2022 میں شروع کیے گئے تین زیرِ زمین واٹر ٹینک منصوبوں میں سے ایک ہے۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles