En

چین میں پاکستانی زرعی ماہرین کے پہلے گروپ کی تربیت مکمل

By Staff Reporter | Gwadar Pro Jul 21, 2025

یانگلنگ (چائنا اکنامک نیٹ) چین میں تربیت حاصل کرنے والے پاکستانی زرعی ماہرین کا پہلا گروپ جمعرات کے روز شانشی ایگری کلچر اینڈ فاریسٹری ٹیکنالوجی یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہو گیا، جو بیلٹ اینڈ روڈ فریم ورک کے تحت پاک-چین زرعی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے تقریبِ تقسیمِ اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ گریجویشن محض تعلیمی مرحلے کا اختتام نہیں بلکہ "ارادے سے اثر" کی جانب ایک پیش رفت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام وزیرِ اعظم پاکستان کے اُس وعدے کا حصہ ہے جس کے تحت 1,000 پاکستانی زرعی ماہرین کو چین میں تربیت فراہم کی جانی ہے تاکہ پاکستان کو درپیش زرعی چیلنجز کو جدید علم اور عملی حلوں کے ذریعے دور کیا جا سکے۔
 سفیر ہاشمی نے کہا یانگلنگ جو کہ چین میں زرعی جدت کا قومی مرکز ہے میں آپ کی تربیت نے آپ کو سمارٹ فارمنگ، بیجوں کی ٹیکنالوجی، اور زمین کے پائیدار استعمال کے جدید ترین شعبوں سے روشناس کیا۔ آپ صرف اسکالرز نہیں بلکہ تبدیلی کےنمائندے بن کر جا رہے ہیں ۔ 
انہوں نے یانگلنگ کالج کے شانشی ایگری کلچر اینڈ فاریسٹری ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں تبدیل ہونے کو سراہا، جو زرعی تعلیم کے بڑھتے ہوئے دائرہ کار اور عزائم کا عکاس ہے۔ انہوں نے پروفیسر ژونگ ویژو کی قیادت اور شانشی فارن افیئرز آفس کے مسٹر گاؤ جن ژیاؤ کی بھرپور حمایت کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
سفیر ہاشمی نے فارغ التحصیل طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے علم کو مقصد کے ساتھ بروئے کار لائیں اور دوسروں کے لیے تحریک کا باعث بنیں۔ انہوں نے انہیں پاک-چین تعاون کے ایک "نئے، سبز، سمارٹ، اور عوام دوست" باب کا چہرہ قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا میں امید کرتا ہوں کہ یہ ماہرین اب نہ صرف علم بلکہ یانگلنگ کی زرعی جدت کی روح کے ساتھ تبدیلی کے نمائندے بن کر وطن واپس جائیں گے۔"
تقریبِ تقسیمِ اسناد نے زرعی جدت میں گہری ہوتی ہوئی پاک-چین شراکت داری کو اجاگر کیا، جو دونوں ممالک کی ترقیاتی حکمتِ عملیوں میں ایک مشترکہ ترجیح ہے۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles