گوادر کے 18 طلبہ ایس آئی سی ٹی میں تین سمسٹرز کے لیے چین جائیں گے
گوادر (گوادر پرو )پاک چین تعلیمی تعاون کے تحت، "چائنیز قونصلر اسکالرشپ پروگرام" حاصل کرنے والے گوادر کے 18 طلبہ چین جانے کے لیے تیار ہیں جہاں وہ شینڈونگ انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی (ایس آئی سی ٹی ) میں تین سمسٹرز مکمل کریں گے۔ 29 اپریل 2025 کو گوادر کے 99 طلبہ کو چینی قونصلر اسکالرشپ سے نوازا گیا تھا۔
چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی( ای او پی ایچ سی) گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے)، شینڈونگ انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی (ایس آئی سی ٹی )اور یونیورسٹی آف گوادر کے مابین چار فریقی معاہدے کے تحت، پاک چین ٹیکنیکل و ووکیشنل انسٹیٹیوٹ (پی سی وی ٹی آئی) کے ڈپلومہ طلبہ اپنی ایک سالہ تعلیم گوادر میں مکمل کریں گے، جب کہ باقی تین سمسٹرز چین کے صوبہ شینڈونگ میں واقع ایس آئی سی ٹی میں مکمل کیے جائیں گے۔
یہ اسکالرشپ 30 طالبات اور 39 طلبہ کو دی گئی ہے، جن کے شعبہ جات میں ڈی فار میسی، بی بی اے، سوشیالوجی، فائن آرٹس، ایم بی بی ایس، ایم فل، بی ایڈ، ایل ایل بی، پبلک ایڈمنسٹریشن، سول انجینئرنگ، ریڈیالوجی، فشریز، پولیٹیکل سائنس، باٹنی، بایو کیمسٹری اور مینجمنٹ سائنس شامل ہیں۔ ان طلبہ کا تعلق یونیورسٹی آف گوادر، پاک چین ٹیکنیکل و ووکیشنل انسٹیٹیوٹ اور دیگر جامعات سے ہے۔
