ڈیپٹومائسین کا متبادل،ڈریپ نے چینی اینٹی بایوٹک کی منظوری دیدی
اسلام آباد (گوادر پرو) پاکستان کی ڈرگ ریگو لیٹری اتھارٹی (ڈریپ )نے اہم اینٹی بایوٹک ڈیپٹومائسین کے چین میں تیار کردہ سستے متبادل کی مارکیٹنگ کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ یہ دوا اب ملک میں باضابطہ طور پر مارکیٹ میں دستیاب ہو سکے گی۔اس سےایسے جان لیوا انفیکشنز کا علاج ہو گا جو عام دواؤں سے ٹھیک نہیں ہوتے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے چین کی دوا ساز کمپنی ہینان پالی فارم کی تیار کردہ انجیکٹ ایبل دوا کی منظوری دی ہے۔ اس بات کی تصدیق کمپنی نے منگل کے روز ایک بیان میں کی۔
پاکستان میں اس اقدام کو خاص اہمیت حاصل ہے، کیوں کہ ملک اس وقت اینٹی مائیکروبیئل ریزسٹنس (AMR) کے بحران سے دوچار ہے۔ معروف طبی جریدے "دی لینسٹ" کی 2019 کی ایک رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں عام دواؤں سے ٹھیک نا ہونے والے جان لیوا انفیکشنزاموات کی تیسری بڑی وجہ بن چکے ہیں، جن کے باعث اس سال 59 ہزار سے زائد اموات براہِ راست ہوئیں، جبکہ 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد دیگر اموات کا تعلق بھی ان سے جوڑا گیا۔
ڈیپٹومائسین ایک انتہائی طاقتور اور آخری حربے کے طور پر استعمال ہونے والی اینٹی بایوٹک ہے، جو پیچیدہ جلدی اور خون کی انفیکشنز کے علاج میں دی جاتی ہے۔ یہ خاص طور پر ایسے جراثیم، مثلاً اسٹافیلوکوس اوریئس، کے خلاف مؤثر ہے، جن کی میتھیسلن کے خلاف مزاحم قسم (MRSA) علاج میں دشواری پیدا کرتی ہے۔ اس دوا کی سب سے بڑی اہمیت یہ ہے کہ یہ اُن بیکٹیریا پر بھی اثرانداز ہوتی ہے جو دیگر اینٹی بایوٹکس کے خلاف مدافعت اختیار کر چکے ہوتے ہیں، جس کے باعث یہ معالجین کے لیے ایک نہایت اہم ہتھیار ثابت ہوتی ہے۔
اصل دوا جسے "کیوبیسن" (Cubicin) کے نام سے جانا جاتا ہے، سب سے پہلے امریکی کمپنی کیوبسٹ فارماسوٹیکلز نے 2003 میں تیار کی تھی۔ جب کسی دوا کے بنیادی پیٹنٹس کی مدت ختم ہو جاتی ہے تو اس کے سستے متبادل (جنیرک) کی دستیابی عام ہو جاتی ہے، جس سے مارکیٹ میں مسابقت بڑھتی ہے اور قیمتیں کم ہوتی ہیں۔
ہینان پالی فارم کے مطابق، پاکستان میں یہ کمپنی کی دوسری رجسٹرڈ دوا ہے، جبکہ تیسری دوا کا ریویو بھی ڈریپ کے زیرِ غور ہے۔
