En

پاکستانی ماہرینِ ہائیڈرو پاور ٹریننگ کے لیے چین پہنچ گئے

By Khalid Aziz | Gwadar Pro Jul 8, 2025

اسلام آباد (گوادر پرو) واپڈا اور ڈیسکون انجینئرنگ لمیٹڈ کے ماہرین پر مشتمل ایک وفد 6 جولائی کو چین روانہ ہو گیا، جہاں وہ شینڈونگ کالج آف واٹر کنزرویسی میں ہائیڈرو پاور منصوبوں کی عملی تربیت حاصل کرے گا۔
 
یہ تربیتی پروگرام چینی کمپنیوں یو این آئی انٹرنیشنل اور آئی ٹی ایم سی کے اشتراک سے ترتیب دیا گیا ہے۔ یو این آئی انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر آپریشنز و بزنس ڈویلپمنٹ، یاسر شکور کے مطابق، تربیت کا یہ مرحلہ کرم تنگی ڈیم منصوبے کی تکمیل کے بعد شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد منصوبے سے وابستہ انجینئروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام پاکستان اور چین کے درمیان ہائیڈرو پاور کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے اور تکنیکی استعداد کار بڑھانے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ واپڈا ملک میں پانی اور ہائیڈرو پاور کے وسائل کی ترقی کی ذمہ دار سرکاری اتھارٹی ہے، جبکہ ڈیسکون ایک معروف نجی تعمیراتی ادارہ ہے۔ کرم تنگی ڈیم خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں واقع ہے۔

تربیتی پروگرام 3 اگست تک جاری رہے گا۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles