سی آئی ایس ایم ای ایف،گوانگژو میں پاکستانی کمپنیوں کی مختلف مصنوعات کی نمائش
گوانگژو (گوادر پرو) چین کے جنوبی اقتصادی مرکز گوانگژو میں منعقدہ 20ویں چائنا انٹرنیشنل اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز فیئر ( سی آئی ایس ایم ای ایف)میں پاکستان کی 15 سے زائد چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کی نمائش کی۔
یہ چار روزہ نمائش 27 سے 30 جون تک جاری رہی، جس میں پاکستانی قومی پویلین کا افتتاح قونصل جنرل سردار محمد اور ایک مقامی عہدیدار نے کیا۔
نمائش میں پاکستانی اسٹالز پر رکھے گئے اونیکس پتھر کی نقش و نگاری، کانسی کی سجاوٹی اشیا، لکڑی کی دستکاریاں، روایتی فرنیچر، اور ای کامرس برانڈز کی مصنوعات شامل تھیں۔ ایشیائی برانڈز کے لیے مختص ایک خصوصی سیکشن میں پاکستانی غذائی برآمدات جیسے چلغوزے، بسکٹس، ہمالیائی گلابی نمک، اور سندھڑی آم بھی نمائش کا حصہ تھے۔
اس سال کی نمائش اقوامِ متحدہ کے مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے عالمی دن کے موقع پر منعقد کی گئی، جس میں منتظمین کے مطابق دنیا بھر سے 2,000 سے زائد نمائش کنندگان نے شرکت کی۔
ن-پاکستان ٹریڈ پرموشن کمپنی چی ٹونگ پاتھیئے کے ریجنل ڈائریکٹر سنڈی چن نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم پاکستان کی روایتی شعبوں سے ہٹ کر متنوع برآمدی صلاحیت کو اجاگر کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ ہماری نامیاتی غذائی مصنوعات کو ملنے والا مثبت ردِعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ چینی صارفین اب معیاری پاکستانی مصنوعات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
2004 سے منعقد کی جانے والی سی آئی ایس ایم ای ایف نمائش چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں پر مرکوز ایک بین الاقوامی ایونٹ ہے، جس میں چین اور دیگر ممالک سے حکومتی اہلکاروں، صنعت کاروں، تجارتی تنظیموں اور کاروباری اداروں نے شرکت کی۔
