En

ایس سی او ٹرانسپورٹ وزراء کا اجلاس، پاکستان کا علاقائی روابط  پرزور

By Staff Reporter | Gwadar Pro Jul 3, 2025

 

 تیانجن (گوادر پرو) پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مواصلات، عبدالعلیم خان نے چین کے شہر تیانجن میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے ٹرانسپورٹ کے 12ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علاقائی روابط، تجارت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنے خطاب میں وزیر نے خاص طور پر چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت پاکستان کی سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے میں ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گوادر سے کراچی اور خنجراب پاس تک شمال-جنوب ٹرانسپورٹ لنک مکمل ہو چکا ہے، اور کراچی و گوادر کی بندرگاہیں اب بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کر رہی ہیں، جو علاقائی تجارتی انضمام کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتی ہیں۔

انہوں نے افغانستان اور ایران کے ساتھ تجارتی راہداریوں میں توسیع کو "معاشی استحکام کی ممکنہ لائف لائنز" قرار دیتے ہوئے ان کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اسے علاقائی تعاون کے لیے ایک "انقلابی قوت" قرار دیا۔
وزیر نے مزید بتایا کہ پاکستان تیزی سے سمارٹ ٹرانسپورٹ حل کی طرف منتقل ہو رہا ہے اور اپنے ٹرانسپورٹ نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے پر بھرپور کام کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب 126 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا آن ارائیول کی سہولت دستیاب ہے، جو پاکستان کی کھلی پالیسی اور علاقائی سیاحت و تجارت کے لیے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ صرف سفر کا ذریعہ نہیں بلکہ باہمی ترقی اور خوشحالی کا ایک اہم ذریعہ ہے  اور  مربوط علاقائی ترقی کا مرکز روابط میں ہی پوشیدہ ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان  ایس سی او کے رکن ممالک کے ساتھ باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر مربوط ٹرانسپورٹ نظام کا جال بچھانے کے لیے کام کر رہا ہے۔

عبدالعلیم خان نے ایس سی او کے ساتھ پاکستان کی مضبوط وابستگی کو دہراتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ پاکستان 2017 میں مکمل رکن بننے کے بعد سے اس پلیٹ فارم پر ہونے والے تمام فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے  کہا کہ علاقائی ترقی کا راستہ بہتر تعاون سے ہو کر گزرتا ہے اور ایس سی او اس مقصد کے حصول کا سب سے اہم پلیٹ فارم ہے۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles