En

کامسیٹس، چین پاک اداروں کے درمیان ماحول دوست ٹیکنالوجی معاہدے پر دستخط

By Shafqat Ali | Gwadar Pro Jul 1, 2025

اسلام آباد (گوادر پرو) کمیشن آن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فار سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ان دی ساؤتھ (کامسیٹس)، چین کی آئی بی آئی انٹرنیشنل گروپ کمپنی لمیٹڈ، اور کامسیٹس کی ٹیکنالوجی پارٹنر اے جی ای سی او پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان ایک سہ فریقی تاریخی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط  ہو گئے۔
اس معاہدے کے تحت چار اہم شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا جن میں الیکٹرک وہیکل (ای وی)،سبز توانائی،جدید زرعی ٹیکنالوجی (پریسیژن ایگریکلچر)،تربیت اور استعداد کار میں اضافہ (ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ماہرین کا تبادلہ) شامل ہیں۔
یہ شعبہ جات عالمی سطح پر موجودہ چیلنجز  جیسے ماحولیاتی تبدیلی، توانائی کا بحران، خوراک کا تحفظ، اور ٹیکنالوجی پر مبنی حل  سے نمٹنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ یہ معاہدہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے کئی اہداف (ایس ڈی جیز) خصوصاً ایس ڈی جی 7 سستی اور صاف توانائی، ایس ڈی جی 9 صنعت، اختراع اور بنیادی ڈھانچہ، اور ایس ڈی جی 13 ماحولیاتی اقدامات کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔
اس موقع پر سفارتی کور کے ڈین، ترکمانستان کے سفیر کے علاوہ اردن، شام، مراکش، یمن، ایتھوپیا کے سفیروں اور ایران و آذربائیجان کے سفارتی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ دیگر معزز مہمانوں میں پاکستان کے چیئرمین آئی پی او، سفیر امیل، اور آئی بی آئی کے مشیر، سفیر معین الحق شامل تھے۔
کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، سفیر ڈاکٹر نفیس ذکریا نے پروفیسر عبدالسلام کو کامسیٹس کے بانی وژن پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ادارہ سائنسی علم کو عملی حل میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ دنیا کو درپیش حقیقی مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے اے جی ای سی او کے سی ای او انجینئر اسلم آزاد کو مقامی سطح پر تیار کردہ ای وی  ٹیکنالوجی پر سراہا جو ٹرانسپورٹ سیکٹر سے خارج ہونے والے اخراجات میں کمی لانے کے لیے بنائی گئی ہے۔
ڈاکٹر نفیس نے کامسیٹس کی دو اہم کامیابیوں — نینو ٹیک لیب اور ٹیلی ہیلتھ کلینکس — کا بھی ذکر کیا جو رکن ممالک کے لیے جدید حل فراہم کرتی ہیں۔
آئی بی آئی انٹرنیشنل گروپ کے چیئرمین ابراہیم منیر نے گروپ کی توانائی، تجارت، صحت، دفاع، ای پی سی ، اور اسمارٹ ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں مہارت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے خاص طور پر آئی بی آئی کی پرچم بردار پہل، "بیلٹ اینڈ روڈ اکنامک اینڈ ٹریڈ سینٹر (BRETC)" کا ذکر کیا، جو بی آر آئی سے منسلک ممالک کے درمیان علاقائی روابط کو مضبوط اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اسٹریٹجک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles