شینزن کانفرنس ، سی پیک یونیورسٹیز کے درمیان مضبوط تر روابط قائم
شینزن(گوادر پرو)دو طرفہ تعلیمی تعاون پر تبادلہ خیال کے لیے چین اور پاکستان کے تقریبا 100 اعلی تعلیمی اداروں نے 15 تا 16 جون شینزن یونیورسٹی میں منعقدہ سی پیک یونیورسٹیز کے کنسورشیم کی پانچویں ایکسچینج میکانزم کانفرنس میں شرکت کی۔
افتتاحی کلمات میں شینزن یونیورسٹی کے صدر ماو جونفا نے کہا کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)اب صرف ایک اقتصادی منصوبہ نہیں رہا، بلکہ یہ تعلیمی اور تکنیکی تبادلے کا ایک پلیٹ فارم بن چکی ہے۔
پاکستانی وفد کے سربراہ اور جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر، بازئی ظہور احمد نے بتایا کہ 2017 میں قیام کے بعد سے کنسورشیم کے رکن اداروں کی تعداد بڑھ کر 134 ہو چکی ہے، جن میں 91 پاکستانی اور 43 چینی ادارے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا ہماری شراکت داری کو اب مصنوعی ذہانت، زراعت، اور صحت کے شعبوں میں گہرے تعاون میں تبدیل کرنا ہوگا۔
پاکستان کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اور عبد الولی خان یونیورسٹی سمیت مختلف جامعات کے ماہرین نے اطلاقی صلاحیت کی ترقی، زرعی تعاون، اور مصنوعی ذہانت کی تعلیم پر تبادلہ خیال کیا۔
یونیورسٹی آف گوادر کے سی پیک اسٹڈی سینٹر سے نوید رزاق نے اس موقع کو شینزن اور گوادر کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اہم قرار دیا۔
کانفرنس کے نتائج میں 2021-2024 کی ترقیاتی رپورٹ کا اجرا اور ایک نئے تھنک ٹینک نیٹ ورک کا قیام شامل ہے۔ مزید برآں، 2021 کی آخری کانفرنس کے بعد سے کنسورشیم کی رکنیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
