En

چینی یونیورسٹی کے فیسٹیول میں پاکستانی ثقافت نے سب کے دل جیت لیے

By Staff Reporter | Gwadar Pro Jun 16, 2025

نانجنگ(گوادر پرو) نانجنگ یونیورسٹی آف انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (این یوآئی ایس ٹی)میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ نے 14 جون کو منعقدہ گیارہویں بین الاقوامی ثقافتی نمائش اور چین-غیر ملکی اشتراکی تعلیم کیمپس اوپن ڈے میں اپنی بھرپور ثقافتی نمائش کے ذریعے شرکا کو مسحور کر دیا۔ 39 شریک ممالک میں پاکستان کا اسٹال سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بنا، جہاں لوگوں کا ہجوم پاکستانی روایات اور ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے امڈ آیا۔

یہ ثقافتی سفر پاکستانی کھانوں سے شروع ہوا، جن کی خوشبو نے شرکا کو بار بار اپنی طرف کھینچا۔ خوشبودار بریانی کی دیگ صرف پانچ منٹ میں ختم ہو گئی، جبکہ مرغی کڑاہی، میٹھا متنجن، کریمی کھیر، سویاں، تندوری چپاتی اور خستہ پکوڑے جیسے دیگر پکوان دن بھر شوقین افراد کو اسٹال کی جانب کھینچتے رہے۔

کھانوں کے علاوہ، شرکا کو پاکستان کے ثقافتی ورثے کی ایک بصری جھلک بھی دکھائی گئی۔ اسٹال پر فیصل مسجد (اسلام آباد)، بادشاہی مسجد (لاہور)، اور حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار سمیت مشہور تاریخی مقامات کی تصاویر آویزاں تھیں۔ پاکستان کے منفرد ٹرک آرٹ، خوبصورت اردو خطاطی، اور ملتان کے روایتی رقص نے اس نمائش کو مزید دلکش بنا دیا۔

اسٹال کے منتظمین میں شامل طالب علم مشہود نے کہایہ صرف ایک اسٹال نہیں، بلکہ ہمارے خوبصورت ملک کی ایک کھڑکی ہے۔ ہم چاہتے تھے کہ ہر آنے والا پاکستانی ثقافت کو گہرائی سے محسوس کرے، اور شرکا کے ردعمل سے لگتا ہے کہ ہم کامیاب ہوئے ہیں۔

فرسٹ ایئر کے طالب علم وقاص، جو ابھی نانجنگ میں نئی زندگی کے ساتھ ہم آہنگ ہو رہے ہیں  نے کہا چینی اور دوسرے ممالک کے طلبہ کو ہمارا کھانا پسند کرتے اور دلچسپ سوالات پوچھتے دیکھ کر مجھے فخر محسوس ہوا کہ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں۔ میں اگلے ایسے ایونٹ کا شدت سے انتظار کر رہا ہوں۔

یہ دن بھر جاری رہنے والا میلہ چین، موزمبیق، مراکش، روس، اور ازبکستان سمیت مختلف ممالک کے طلبہ کی اسٹیج پرفارمنسز پر مشتمل تھا، جس نے ایک عالمی گاوں کا سماں باندھ دیا۔ تاہم، پاکستانی طلبہ کی خوشبوں، ذائقوں اور مناظر سے بھرپور پیشکش دن کی سب سے یادگار جھلک بن گئی۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles