چائنیز کالج نے کراچی انسٹی ٹیوٹ میں ای کامرس شارٹ کورس کا آغاز کر دیا
اسلام آباد (گوادر پرو) چین کے ژی جیانگ فنانشل کالج (زیڈ ایف سی) نے علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کراچی میں ای کامرس شارٹ کورس کا آغاز کردیا۔
دونوں تعلیمی اداروں نے سب سے پہلے ایک آن لائن میٹنگ کے دوران مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جس کے بعد مختصر کورس کا باضابطہ آغاز 3 کلاس گھنٹے کے تعارفی لیکچر کے ساتھ کیا گیا۔ مختصر کورس 12 کلاس گھنٹوں پر مشتمل ہے ، جس کا آغاز 12 ستمبر سے ہوگا۔
کورس میں شرکت کرنے والے طلباء کو زیڈ ایف سی سے سرٹیفکیٹ ملے گا۔ دونوں ادارے مختصر کورس کے نتائج کی بنیاد پر مزید تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اس مفاہمت نامے کی سہولت ٹی این جی انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ نے فراہم کی تھی۔ صدر تانگ انٹرنیشنل لی جن سونگ نے کہا کہ پیشہ ورانہ تعلیم معاشرے کی معاشی تبدیلی اور اپ گریڈیشن کے لئے ایک اہم محرک قوت کے طور پر کام کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو دونوں ممالک نے انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے۔ ہمیں پختہ یقین ہے کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہم چین اور پاکستان کے پیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت کے تعاون کو ہموار طریقے سے چلانے کو یقینی بنائیں گے، بین الاقوامی صلاحیتوں کو فروغ دیں گے جو وقت کی ترقی کے مطابق ڈھل جائیں گے، اور چین-پاکستان بین الاقوامی تعلیمی تعاون کو نئی پیش رفت اور کامیابیاں حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔