En

چینی اسکالرشپ پروگرام کے سکالرز کے لئے رخصتی تقریب کا انعقاد

By Tahir Ali | Gwadar Pro Aug 26, 2023

 

 اسلام آباد  (گوادر پرو) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان میں چینی حکومت کے اسکالرشپ پروگرام سے نوازے جانے والے 50 پاکستانی اسکالرز کی رخصتی کی تقریب منعقد ہوئی۔
پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کی چارج ڈی افیئرز پنگ چنکسو نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ تقریب کے دوران انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی تعلقات خاص طور پر سائنس اور ٹیکنالوجی میں مشترکہ کوششیں آگے بڑھنے کی راہ ہموار کرتی ہیں اور دونوں ممالک کو بہت فائدہ پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ چین میں پاکستانی طالب علموں کی موجودہ تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا، "ان میں سے کچھ چینی حکومت کے اسکالرشپ حاصل کرنے والے ہیں، جبکہ دیگر کو مختلف صوبوں، یونیورسٹیوں اور یہاں تک کہ کمپنیوں کی طرف سے براہ راست اسکالرشپ دی گئی ہے۔
 "آپ کے جانے کے بعد، آپ صرف طالب علم نہیں ہوں گے۔ آپ پاکستان کے سفیر ہوں گے۔ اور واپسی پر آپ پاکستان میں چین کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ لہٰذا اب آپ دوہری ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
مختار احمد نے طلباء کو یقین دلایا کہ وہ نہ صرف تعلیم حاصل کریں گے بلکہ ان کامیاب طریقوں کے بارے میں بصیرت بھی حاصل کریں گے جن کی وجہ سے گزشتہ 25 سے 30 سالوں میں اس چینی قوم کو عالمی طاقت میں تبدیل کیا گیا ہے۔
 
 2019 ء سے چینی حکومت خواہشمند پاکستانی طالب علموں کو اسکالرشپس فراہم کر رہی ہے جس میں انڈر گریجویٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگراموں سمیت تعلیمی سرگرمیوں کے وسیع پیمانے کا احاطہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران مجموعی طور پر 243 پاکستانی طالب علموں نے یہ باوقار اسکالرشپس کامیابی کے ساتھ حاصل کی ہیں۔ یہ اقدام چین اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلیمی تعاون کا ثبوت ہے جس سے پاکستانی اسکالرز کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے قابل قدر مواقع میسر آئیں گے۔
اسکالرشپ کی پیش کشوں میں سائنس، انجینئرنگ، زراعت، طب، معاشیات، قانونی علوم، مینجمنٹ، تعلیم، تاریخ، ادب، فلسفہ اور فنون لطیفہ کے مضامین شامل ہیں۔ یہ جامع انتخاب چینی حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ مختلف شعبوں میں تعلیمی مہارت کے حصول میں پاکستانی طالب علموں کی مدد کرے گی۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles