قاسم اکرم ہانگژو میں 19 ویں ایشین گیمز میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے
لاہور (گوادر پرو )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 19 ویں ایشین گیمز میں پاکستان شاہینز کی قیادت کے لیے آل راؤنڈر قاسم اکرم کو ٹیم کا کپتان منتخب کرنے کی تصدیق کردی۔ ٹی 20 فارمیٹ کا ایونٹ 28 ستمبر سے 7 اکتوبر تک شیڈول ہے۔
20 سالہ قاسم نے 20 فرسٹ کلاس اور 40 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں حصہ لیا ہے۔ انہوں نے 2022 میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت بھی کی تھی۔
15 رکنی اسکواڈ میں سے 8 کھلاڑی اس سے قبل پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ان میں عامر جمال، ارشد اقبال، آصف علی، حیدر علی، خوشدل شاہ، محمد حسنین، شاہنواز دہانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔ بقیہ ارکان جن میں عرفات منہاس، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، روحیل نذیر اور سفیان مقیم شامل ہیں، حال ہی میں شاہینوں کی جانب سے منسلک ہوئے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط کے مطابق شاہینز اپنی مہم کا آغاز کوارٹر فائنل مرحلے سے کریں گے جو 3 اور 4 اکتوبر کو شیڈول ہے۔ سیمی فائنل 6 اکتوبر کو ہوگا، اس کے بعد فائنل اور کانسی کے تمغے کا مقابلہ 7 اکتوبر کو ہوگا۔
پاکستان کی مردوں کی ٹیم نے 2010 میں چین کے شہر گوانگچو میں ہونے والے ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔