En

کراچی میں پہلی بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش کا آغاز

By Staff Reporter | Gwadar Pro Aug 11, 2023

 کراچی( گوادر پرو)پاکستان کے شہر کراچی میں پہلی بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر ایگزیبیشن کا آغاز ہوگیا جس میں 55 ممالک کے 400 سے زائد وفود شریک ہیں جبکہ ایکسپو میں چین کا سب سے بڑا وفد شرکت کر رہا ہے۔

 بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے کمرشل قونصلر غلام قادر نے بیجنگ اور ہمسایہ صوبوں کے 110 سے زائد چینی نمائندوں کے وفد کی قیادت کی جبکہ پاکستان کے گوانگژو، چینگڈو اور شنگھائی قونصل خانوں نے بھی چینی کاروباری اداروں کی قیادت کی۔ مجموعی طور پر مختلف کاروباری اداروں اور ایسوسی ایشنز کے 200 سے زائد چینی نمائندوں نے ایکسپو میں شرکت کی۔

 قادر نے گوادر پرو کو بتایا کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) اس ایونٹ کا انعقاد کر رہی ہے اور گوشت، مرچ اور دیگر مصنوعات کے پروٹوکول پر دستخط کے بعد زیادہ تر چینی سمندری غذا اور اناج ایسوسی ایشنز نمائش میں حصہ لے رہی ہیں۔ بہت سے چینی ادارے ان مصنوعات کو درآمد کرنا چاہتے ہیں اور پاکستان میں فیکٹریاں لگانے کے لئے تیار ہیں۔

 غلام قادر نے گوادر پرو کو بتایا کہ "اس سال نمائش کا موضوع "پائیدار مستقبل کی ترقی" ہے، اور ہم امید کرتے ہیں کہ ایکسپو بین الاقوامی اور مقامی برادریوں کو ایک ساتھ لائے گی تاکہ مشترکہ مستقبل کی تعمیر کی امید پیدا کی جا سکے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ چینی وفود نے بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) اجلاس منعقد کیے ہیں اور وہ نئے مواقع تلاش کرنے اور ہموار اسٹریٹجک اتحاد پر بہت مطمئن ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس نمائش میں 250 سے زائد نمائش کنندگان نے شرکت کی۔

 ایکسپو ایونٹ پاکستانی اور چینی بڑی کمپنیوں کے لیے اپنی مصنوعات اور خدمات کو ممکنہ صارفین کے سامنے پیش کرنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہوگا۔ اس سے چینی وفد کو مقامی کاروباری اداروں کے ساتھ شراکت داری تلاش کرنے اور پاکستانی صارفین کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنے کا موقع بھی ملے گا۔ مزید برآں، یہ ایونٹ ان کمپنیوں کے لئے نئی مارکیٹوں میں داخل ہونے اور ملک میں زیادہ سے زیادہ مارکیٹ شیئر حاصل کرنے کا ایک بہترین موقع ہوسکتا ہے۔

 
چینی خریدار لیزا ژانگ نے گوادر پرو کو بتایا کہ یہ ایکسپو پاکستان میں زرعی شعبے کو فروغ دینے اور اس کی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ کسانوں اور زرعی کاروباری اداروں کو چینی مارکیٹ کو تلاش کرنے، شراکت داری قائم کرنے اور چینی زرعی شعبے میں تازہ ترین رجحانات کے بارے میں جاننے کا موقع بھی فراہم کرثـی ہے۔

ان کا ماننا ہے کہ زراعت کا شعبہ پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اگر چینی سرمایہ کار اس شعبے میں سرمایہ کاری کرتے ہیں تو اس سے بڑی تعداد میں لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی، انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپو کا مقصد زرعی برآمدات کو فروغ دینا اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ملک کا مقام بڑھانا ہے۔

 واضح رہے کہ فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش 10 سے 12 اگست 2023 تک ایکسپو سینٹر کراچی پاکستان میں جا‍ری رہےگی ۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles