سی پیک کے تحت رابطیکے بڑے منصوبے کامیابی سے مکمل، پاکستان اکنامک سروے
اسلام آباد (گوادر پرو) پاکستان اکنامک سروے (پی ای ایس) 2022-23میں بتایا گیا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) میں ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کے شعبے نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
پی ای ایس نے جدید نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کی اہمیت پر زور دیا، سی پیک پاکستان کو علاقائی منڈیوں کے ساتھ مربوط ہونے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔
ایسٹرن الائنمنٹ (روڈ وے پروجیکٹس جو سندھ اور پنجاب میں واقع ہیں) پر، موٹروے کے سکھر-حیدرآباد (ایم 6) سیکشن کا سنگ بنیاد دسمبر 2022 میں رکھا گیا تھا۔
بجٹ دستاویز میں کہا گیا کہ ویسٹرن الائنمنٹ (شمال مغربی پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں واقع منصوبے) پر، ڈیرہ اسماعیل خان این 50 کے ساگو سیکشن کا سنگ بنیاد بھی اسی عرصے کے دوران رکھا گیا تھا۔
مزید یہ کہ 298 کلومیٹر ژوب تا کچلاک سڑک کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ دیگر منصوبے جیسے کہ خضدار-بسیمہ (110 کلومیٹر)، نوکنڈی-ماشخیل (103 کلومیٹر)، اور ہوشاب-آواران ایم 8 (146 کلومیٹر) زیرِ عمل ہیں اور متوقع وقت کے مطابق مکمل ہو جائیں گے۔
مزید برآں، ساگو-ژوب پروجیکٹ این 50 چینی فریق کے ساتھ زیر بحث ہے اور امید ہے کہ جلد ہی اس پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ تاریخی ایم ایل 1 منصوبے کے لیے رعایتی فنانسنگ کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کی امید ہے، اور اس کے بعد اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے انتظامات کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ، کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کے فریم ورک معاہدے کو چینی فریق کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے تاکہ اس منصوبے کو سی پیک فریم ورک کے تحت شروع کیا جا سکے۔
آخر میں پی ای ایس نے بتایا کہ نئے منصوبوں میرپور،مظفر آباد،مانسہرہ (ایم ایم ایم) ایم 9 موٹر وے اور بابوسر ٹنل کی فزیبلٹی اسٹڈیز کو سی پیک فریم ورک کے تحت ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے آئندہ مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں زیر غور لانے کی تجویز دی گئی ہے۔