En

چین ،صوبہ ہینان کا  بلوچستان کے سیلاب زدگان کے لیے 9 ہزار فوڈ پیکج  کا عطیہ

By Staff Reporter | Gwadar Pro Jun 9, 2023

 اسلام آ باد( گوادر پرو )پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لیے اپنی امداد جاری رکھتے ہوئے چین کے صوبے ہینان کے عوام نے بلوچستان کے 25 اضلاع میں متاثرہ افراد میں تقسیم کیے جانے والے 9 ہزار فوڈ پیکجز فراخدلی سے عطیہ کیے ہیں۔
 اس اقدام کی یاد میں بدھ کے روز کوئٹہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے شرکت کی جو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے انچارج بھی ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق چین سے تعلق رکھنے والے معززین نے ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔
 پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی متاثرہ آبادی میں گندم کا آٹا، گھی، چینی اور دالوں جیسی اشیائے ضروریہ کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔ 5 جون کو پی ڈی ایم اے نے اعلان کیا کہ اس نے دور افتادہ ضلع کوہلو میں چین کی طرف سے فراہم کردہ راشن پیکج تقسیم کیے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ پیکج خاص طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں جیسے کنال، جیونی، منجھرا اور دیگر میں غریب، معذور، بے سہارا اور مستحق افراد کو دیئے گئے تھے۔
 صوبہ ہینان کے عوام کی جانب سے 2021 ء میں قائم ہونے والے سسٹر صوبوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے فوڈ پیکجز عطیہ کیے گئے۔
 پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے چین کی امداد اب تک 90 ملین ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے، جو ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ان کے جاری عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles