عوام سے عوام کا تبادلہ،8 رکنی وفد چین پہنچ گیا
لاہور (گوادر پرو) لاہور میں چین کے قونصلیٹ جنرل کے تعاون سے اسکالرز، بین الاقوامی امور کے ماہرین، سینئر میڈیا پریکٹیشنرز اور تھنک ٹینکس کے سربراہان پر مشتمل ایک 8 رکنی وفد 23 مئی کو اسلام آباد سے چین پہنچ گیا۔
لاہور میں چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے گوادر پرو کو بتایا کہ یہ پہلا میڈیا اور تھنک ٹینک وفد ہے جس کا اہتمام لاہور میں چینی قونصلیٹ جنرل نے کوویڈ 19 وبائی امراض کے بعد چین کے دورہ کیلئے کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں سے لوگوں کے تبادلے کو دوبارہ شروع کرنے کا وقت آگیا ہے۔
گذشتہ تین سالوں میں چین میں زبردست تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔ ایک ہفتہ کا طویل دورہ ہمارے پاکستانی دوستوں کو چین کی ایک حقیقی، کثیر جہتی اور خوبصورت تصویر پیش کرے گا، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات اور افہام و تفہیم کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفد کے تمام ارکان کو خوشگوار، نتیجہ خیز اور تعمیری سفر کی خواہش ہے۔
اپنے دورہ چین کے دوران وفد چینی سرکاری اور نجی اداروں، چائنا ریلوے گروپ، انجینئرنگ کارپوریشنز اور میڈیا ہاؤسز کا دورہ کرے گا۔ وفد کو چین میں تجارت، صنعت اور اقتصادی طاقت کے تیزی سے ابھرتے ہوئے مرکز شینزین کے عجائبات کا مشاہدہ کرنے اور دریافت کرنے کا ایک جامع موقع بھی ملے گا۔
یہ سرگرمی ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پاکستان اور چین پاک چین سفارتی تعلقات کی 72 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، اس کے علاوہ بیلٹ اینڈ روڈ کے دستخطی منصوبے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی 10 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔