چینی گرانٹ سے آئندہ چند ماہ میں این 5 ہائی وے پر کام شروع ہو جائے گا، این ایچ اے
اسلام آباد (گوادر پرو) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ایک سینئر عہدیدار نے پیر کو چینی کنٹریکٹرز کو ان کے معیاری کام پر سراہا او ر کہا کہ چینی گرانٹ سے آئندہ چند ماہ میں نیشنل ہائی وے 5 (N-5) کے ہالا سکرنڈ سیکشن پر کام شروع کیا جائے گا۔
ممبر پی پی پی، این ایچ اے عاصم امین نے لائیو بات چیت کے دوران سوالات کے جواب د یتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے نے سندھ میں این 5 کے 51 کلومیٹر ہالا سکرنڈ سیکشن کی بحالی کے لیے تین چینی سرکاری فرموں کی جانب سے پیش کردہ بولیوں کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکومت کی منظوری کے بعد تین سے چار ماہ میں منصوبہ شروع ہونے کی امید ہے۔
چینی حکومت نے ملک کی سب سے بڑی شمال جنوب ہائی وے کے حصے کے لیے 100 ملین ڈالر کی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔ 2010 کے سیلاب سے سڑک کو شدید نقصان پہنچا تھا چینی حکومت نے 2011 اور 2016 میں این 5 کے کئی حصوں کی بحالی بھی کی تھی ۔
این ایچ اے کے ممبر نے کہا کہ ہالا سکرنڈ سڑک بہترین سڑکوں میں سے ایک ہوگی کیونکہ پاکستان میں جس بھی سڑک کے منصوبے پر چینی کنٹریکٹرز نے کام کیا ہے، کام کا معیار بہترین ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے لیے چینی گرانٹ چینی حکومت کی طرف سے پاکستانی عوام کے لیے ایک تحفہ ہے۔
عہدیدار نے ایک اور سوال کے جواب میں یہ بھی کہا کہ چینی اور پاکستانی ماہرین جلد ہی بابوسر ٹنل اور بابوسر ناران سڑک کی فزیبلٹی اسٹڈی شروع کریں گے۔
ہم نے اس منصوبے کے لیے چین سے تکنیکی اور مالی مدد مانگی ہے، جس پر تقریباً 100 سے 125 ارب روپے لاگت آسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ بابوسر ٹاپ اور گلگت کے درمیان 90 کلومیٹر کا فاصلہ کم کر دے گا۔