فلڈ ریلیف، پاکستان کو چین سے 90.2 ملین ڈالر موصول
اسلام آباد (گوادر پرو) پاکستان کے بڑے حصے سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور 33 ملین سے زیادہ لوگ مون سون کی بارشوں سے آنے والے غیر معمولی سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، پاکستان کے لیے چین کی جانب سے مسلسل امدادکی کوششیں 644.1 ملین آر ایم بی (90.2 ملین امریکی ڈالر)سے تجاوز کر گئی ہیں۔
پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے نے جمعہ کے روز چین کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے بارے میں تفصیلات شیئر کیں۔ جن کے مطابق چینی حکومت نے 400 ملین آر ایم بی، چینی فوج نے 100 ملین آر ایم بی، چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈشپ ود فارن کنٹریز نے 125 ملین آر ایم بی اور چین کی ریڈ کراس سوسائٹی نے 2.1 ملین آر ایم بی کی امداد فراہم کی۔
چینی سفارتخانے کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیے گے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چین میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادسیلاب سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کے لیے متحرک ہیں۔ آفت کے وقت چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
مون سون بارشوں اور سیلاب سے ملک میں 33 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں اور ساتھ ہی 1678 افراد ہلاک اور 12864 زخمی ہوئے ہیں۔ این ڈی ایم اے کی تازہ ترین معلومات کے مطابق، 2,045,349 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔ سیلاب سے 13,074 کلومیٹر سڑکوں اور 410 پلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
پاکستان میں قائم کئی چینی کمپنیاں بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں جبکہ چینی حکومت کی جانب سے بھی بحالی کی سرگرمیوں میں مدد کی توقع ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی حکام نے بار بار صدر شی جن پنگ اور چین کی حکومت کا اس نازک وقت میں مخلصانہ کوششوں اور مالی امداد پر گہرا شکریہ ادا کیا ہے۔
چین اور پاکستان قدرتی آفات کے دوران ایک دوسرے کی مدد کرنے کی طویل تاریخ رکھتے ہیں۔ پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے بیجنگ کی جانب سے جاری امداد نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ چین ایک مخلص دوست اور دکھ سکھ کا ساتھی ہے۔