رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ میں پاکستان کی چین کو برآمدات میں تقریباً 7 فیصد اضافہ
اسلام آباد (گوادر پرو) پاکستان کی چین کو برآمدات رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ میں 6.23 فیصد اضافے کیساتھ 2.40 بلین ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ عوامی جمہوریہ چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر جنوری سے اگست 2022 تک پاکستان سے چین کی درآمدات اور برآمدات سالانہ 7.28 فیصد اضافے کیساتھ 18.41 بلین ڈالر رہی جبکہ 2021 کی اسی مدت میں یہ 17.16 بلین ڈالر تھی۔ اگست کے مہینے میں پاکستان کی چین کو برآمدات میں سالانہ 25.71 فیصد کمی واقع ہوئی، شدید مون سون کی وجہ سے سیلاب اور کووڈ 19 کی وجہ سے زراعت، انفراسٹرکچر اور صنعت سمیت کئی شعبے تباہ ہوئے۔
سینٹر فار ساؤتھ ایشیا اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز (CSAIS) اسلام آباد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمود الحسن خان نے گوادر پرو کو بتایا کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہونے کے ساتھ ساتھ برآمدات کا دوسرا بڑا ملک ہے اور گزشتہ سال خاص طور پر وبائی امراض کے باوجود، دوطرفہ تجارت بہت زیادہ بڑھ رہی تھی۔
انہوں نے کہا بدقسمتی سے شدید سیلاب کی وجہ سے 33 ملین لوگ اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ 18,000 مربع کلومیٹر پر مشتمل زراعت تباہ ہو گئی ہے۔ کپاس کی فصل سمیت اس کی بڑے پیمانے پر تباہی چین کو ملک کی برآمدات کے لیے تباہ کن ہو گی۔ قابل نقد فصلوں اور اجناس کی تباہی نے ریاست، سماج، معیشت اور عام لوگوں کو یکساں طور پر الجھا دیا ہے۔
ایسا لگتا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے آنے والے مہینوں میں چین کو برآمدات میں زبردست کمی آئے گی۔ اب تک، سمندری غذا، چلغوزہ ، تل کے بیج، اور چاول چین کو برآمد ہونے والی سرفہرست مصنوعات ہیں۔