ایس سی او ڈی اے کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد میں اضافہ
چنگ ڈاؤ (گوادر پرو) چین اور پاکستان سدا بہار دوست اور آہنی بھائی ہیں۔ جب بھی مشکل وقت آتا ہے، دونوں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ ہم تعاون جاری رکھیں گے اور مل کر ایک بہتر مستقبل بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چین میں پاکستان کے کمرشل قونصلر غلام قادر نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم ڈیموسٹریشن ایریا (ایس سی او ڈی اے ) کی جانب سے منعقدہ عطیہ کی تقریب میں کیا۔
اس موقع پر ایس سی او ڈی اے کی پارٹی ورکنگ کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری لی گینگ نے کمیٹی اور چینی اداروں ایسٹ سی ہولڈنگ (چنگ ڈاؤ)، چنگ ڈاؤ لولو ایگریکلچر ایکوپمنٹ، چائنا اسٹیٹ کنسٹرکشن نمبر 6 بیورو، ایس سی او ایورسٹ (چنگ ڈاؤ) انٹرنیشنلایگزیبیشن اور چنگ ڈاؤ شنگانگ تونگ منرل کی جانب سے پاکستانی نمائندے کو 225,000 یوآن کی امدادی رقوم فراہم کیں۔
جون کے وسط سے مون سون بارشوں اور سیلاب نے پاکستان میں 33 ملین افراد کو متاثر کیا ہے، 5,000 کلومیٹر سے زیادہ سڑکیں اور پل تباہ کیے ہیں، اور اندازے کے مطابق 10 بلین ڈالر کا معاشی نقصان پہنچا ہے۔ اس آفت نے ایس سی او ڈی اے کے اراکین کے دلوں کو دکھی کر دیا۔ پاکستان چائنہ سینٹر کے ساتھ مل کر، ایس سی او ڈی اے کمیٹی نے فوری طور پر فنڈ ریزنگ مہمات کا اہتمام کیا اور پاکستان میں آفت زدہ لوگوں کی مدد کے لیے امدادی سامان تیار کیا۔
ایس ڈی او ڈی اے کمیٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ژانگ ڈونگ نے کہا ایس سی او ڈی اے نے آفت سے متاثرہ لوگوں کے لیے اپنا معمولی سا حصہ ڈالا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ سب کی مشترکہ کوششوں سے پاکستانی عوام سیلاب پر قابو پانے، معمول کی پیداوار اور زندگی کو جلد بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
