چین جیومیٹکس ٹیکنالوجی کی اپ گریڈنگ میں پاکستان سے تعاون کر رہا ہے
چانگشا (چائنا اکنامک نیٹ)چین کی وزارت تجارت کے زیر اہتمام پاکستان کے لیے جیومیٹکس ٹیکنالوجی پر جدید سیمینار آن لائن جاری ہے تاکہ پاکستانی سائنسدانوں اور افسران کی جیومیٹکس میں مہارت کو بہتر بنایا جا سکے۔ معلوم ہوا ہے کہ سوسائٹی آف انجینئرنگ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنسز، یونیورسٹی آف اے جے اینڈ کے مظفرآباد وغیرہ کے کل 19 پاکستانی ماہرین اور افسران نے اس سیمینار میں شرکت کی۔
سیمینار کے منتظم ہنان انٹرنیشنل بزنس ووکیشنل کالج کے مطابق یہ سیمینار خاص طور پر پاکستانی جیو ٹیکنیکل ماہرین کی حقیقی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جس کی بنیاد پر پاکستان میں سروے اور میپنگ ٹیکنالوجی کی ترقی کے سلسلے میں تحقیقات اور ریسرچ کی گئی ہے۔
20 روزہ سیمینار کے دوران چینی ماہرین ڈیٹا کے تجزیہ، پروسیسنگ اور ایپلی کیشن کی جدید ترین جیومیٹکس ٹیکنالوجی اور چین میں سروے اور نقشہ سازی کی صنعت میں کامیاب تجربے اور مشق پاکستانی شرکاء کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔
سیمینار کلاس روم کی تدریس، مخصوص موضوعات پر بحث اور معروف چینی کاروباری اداروں کے دورے وغیرہ پر مشتمل ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پریکٹس کے لیے وی آر ڈرون سمیت جدید آلات بھی استعمال کیے گئے ہیں۔
ہنان انٹرنیشنل بزنس ووکیشنل کالج سے چونگ خو ے چھن نے سی ای این کو بتایا کہ اس سیمینار کے ذریعے پاکستانی ماہرین چین میں جیومیٹکس ٹیکنالوجی کی جدید ترین ترقی کے بارے میں جان سکتے ہیں اور سروے اور جغرافیائی معلومات کے شعبے میں پاک چین تعاون کے امکانات پر مکمل تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ حالیہ برسوں میں چین کی وزارت تجارت کی سرپرستی میں ہنان انٹرنیشنل بزنس ووکیشنل کالج نے آٹو موٹیو انڈسٹری، انجینئرنگ اور بزنس مینجمنٹ سمیت مختلف موضوعات پر سیمینارز کا انعقاد کیا تاکہ پاکستان کی انڈسٹری اپ گریڈنگ اور دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی تبادلے کو بڑھانے میں مدد ملے۔