سی پی ایچ جی سی بجلی کی پیداوار کے لیے پاکستانی کرنسی میں مقامی کوئلہ خریدے گی
اسلام آباد (گوادر پرو) چائنا پاور حب جنریشن کمپنی (سی پی ایچ جی سی) نے 1,320 میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ کیلئے پاکستانی کرنسی میں مقامی کوئلے کی فراہمی کے لیے ٹینڈرز طلب کیے ہیں۔
کمپنی نے پاکستانی روپے میں مقررہ قیمت پر ماہانہ 40,000 ٹن مقامی کوئلے کی فراہمی کے لیے پاکستان میں رجسٹرڈ فرموں سے تجاویز طلب کی ہیں۔
سی پی ایچ جی سی چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) فریم ورک کے تحت چائنا پاور انٹرنیشنل ہولڈنگ اور پاکستان کے حبکو کے درمیان مشترکہ منصوبہ ہے۔ پاور پلانٹ حب بلوچستان میں واقع ہے۔
یہ پلانٹ جنوبی افریقہ اور انڈونیشیائی کو ئلہ استعمال کر رہا تھا لیکن اب درآمدی کوئلے کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد حکومت کی پالیسی کے مطابق مقامی کوئلے کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔
کوئلہ فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے مالک مسعود خان نصر نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے ملک اور کوئلے کے مقامی تاجروں کو کئی طرح سے فائدہ ہوگا۔ انڈونیشیا کے کوئلے کی قیمت 95 ہزار روپے فی ٹن تک پہنچ گئی ہے جبکہ افغانستان سے درآمد ہونے والا کوئلہ 75 ہزار روپے فی ٹن کے حساب سے کراچی پہنچتا ہے تاہم مقامی کوئلہ 40,000 روپے فی ٹن میں دستیاب ہے۔
مقامی کوئلے کی دستیابی اور معیار کے حوالے سے مسعود نے کہا کہ بلوچستان کے اضلاع دکی اور ہرنائی میں کوئلے کی کانیں روزانہ 6 سے 8 ہزار ٹن تک کوئلہ پیدا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہم پہلے ہی ساہیوال کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کو کوئلہ فراہم کر رہے ہیں۔
توانائی کے ایک ماہر اقتصادیات نے کہا کہ مقامی کوئلے پر منتقل ہونے سے نہ صرف قیمتی غیر ملکی ذخائر کی بچت ہوگی بلکہ لاگت بھی کم ہوگی۔ مزید برآں اس سے پاکستانی مزدوروں اور تاجروں کے لیے روزگار اور کاروبار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔