لاڑکانہ میں پیپلز بس سروس کا آغاز ہو گیا
لاڑکانہ (گوادر پرو) ایک کامیاب آزمائش کے بعد، ''پیپلز بس سروس'' کے تحت انٹرا سٹی بس سروس نے سندھ کے شہر لاڑکانہ کے رہائشیوں کو فائدہ پہنچانا شروع کر د یا یہ سروس لاڑکانہ کے لوگوں کو آرام دہ، آسان اور سستے سفر کی سہولت فراہم کرے گی اور مقامی کمیونٹی کے لیے ملازمتیں پیدا کرے گی۔
پیر کو 10 بسوں کی ایک کھیپ لاڑکانہ شہر پہنچی، جس کے بعد اگلے دن اس کی کامیاب آزمائشی سروس چلائی گئی۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بدھ کے روز شہر کے دورے کے دوران نئی آنے والی بسوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے لاڑکانہ کے لوگوں کو جدید اور آرام دہ ٹرانسپورٹ سروس پر مبارکباد دی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ 23 جون سے انٹرا سٹی بس سروس شروع کریں، تاکہ لاڑکانہ شہر کے لوگ مستفید ہو سکیں۔
یہ بسیں ہائیگر بس کمپنی نے تیار کی ہیں جو چین کے صوبہ جیانگ سو کے شہر سوزو میں واقع ہے۔ یہ بسیں مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ ہیں اور ان میں جدید ترین سہولیات بشمول مفت وائی فائی، سی سی ٹی وی کیمرے، فائر فائٹنگ سسٹم، ایمرجنسی ایگزٹ، بس اسٹاپ کے بٹن اور خودکار دروازے شامل ہیں۔
ہر بس 31 مسافروں کو سہولت فراہم کرے گی جس میں معذور افراد کے لیے دو نشستیں بھی شامل ہیں۔ 80 مسافروں کی زیادہ سے زیادہ گنجائش والی بسوں میں بھی معذور افراد اور خواتین کے لیے نشستیں مخصوص ہیں۔
پیپلز بس سروس‘ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) کا ایک منصوبہ ہے۔ یہ بس نیو بس ٹرمینل سے قائد عوام یو ای ٹی تک 8.3 کلومیٹر کا فاصلہ ایئرپورٹ روڈ پر چلے گی۔ اس میں شیخ زید اسپتال، سندھ یونیورسٹی کیمپس، آئی بی اے اسکول سچل کالونی، چانڈکا میڈیکل کالج، ہائی کورٹ، ایس ایس پی آفس، شاہنواز لائبریری، جیسے علاقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔