En

بلوچ رہنما  کی  چینی سفیر کو دوستانہ سفارتی تعلقات کے 71 سال مکمل ہونے پر مبارکباد

By Staff Reporter | Gwadar Pro May 24, 2022

کوئٹہ  (گوادر پرو) بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی رہنما سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے پیر کی سہ پہر پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ کو پاکستان اور چین کے دوستانہ سفارتی تعلقات کے 71 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔

بلوچ رہنما نے چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ، پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ، دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کو مبارکباد دی۔

اپنے مبارکباد  کے  پیغام میں  انہوں نے کہا پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی لازوال اور مضبوط دوستی پر فخر ہے،پاک چین دوستی لازوال اور منفرد ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔  سی پیک  (چین پاکستان اقتصادی راہداری) منصوبہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرپا تعلقات کے لیے ہمارے باہمی عزم کی زندہ مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا پاک چین دوستی کا سفر کئی دہائیوں پر محیط ہے اور اس کا دائرہ زندگی کے تمام شعبوں تک پھیلا ہوا ہے، چین اور پاکستان دو بھائی ہیں۔ یہ وہ خوشی کا دن ہے جب دونوں ممالک نے دوستی کا بیج بویا جو 71 سالوں میں ایک مضبوط اور پھل دار درخت بن چکا ہے۔ جنگ ہو یا امن یا کوئی قدرتی آفت، چین نے ہر مشکل وقت اور اہم مواقع پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری نے معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

 سی پیک کی بدولت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے اور یہ پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس وقت ہزاروں چینی مختلف شعبوں میں پاکستان میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور پاکستانیوں کو انتظامی اور تکنیکی مہارتوں کے بارے میں معلومات فراہم کر رہے ہیں۔

سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے  کہا  کہ پاک چین دوستی آخری وقت تک قائم رہے گی اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوتی جائے گی۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles