چین کا چھونگ ڈنگ گروپ این 25 کی دورویا تعمیر کیلئے کامیاب بولی دہندہ
اسلام آباد (گوادر پرو) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے چین کی چھونگ ڈنگ انٹرنیشنل کنسٹرکشن گروپ کمپنی لمٹیڈ (زیڈ آئی ای سی) اور اس کے جے وی پارٹنر کو قومی شاہراہ این 25 کے خضدار-کچلاک سیکشن کو دو رویا کرنے کے لیے کامیاب بولی دہندگان میں سے ایک قرار دیا۔ ۔
این ایچ اے نے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) کے رول 351 کے تحت این 25 سیکشن III خضدار-کچلاک سیکشن کو کلومیٹر 102 900 171+سے دوہرا کرنے کے لیے تشخیصی رپورٹ کا اعلان کیا۔
زیڈ آئی ای سی اور پروگریسو ٹیکنیکل ایسوسی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ مشترکہ طور پر سب سے زیادہ اہل بولی دہندہ ہے۔
چھونگ ڈنگ انٹرنیشنل کنسٹرکشن گروپ کمپنی لمٹیڈجسے چھونگ ڈنگ گروپ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ایک جامع کثیر القومی انتظامی گروپ ہے جو ساٹھ سال سے زائد گھریلو اور دو دہائیوں سے زائد بین الاقوامی انجینئرنگ معاہدے اور بیرون ملک وسائل کی سرمایہ کاری کے تجربات رکھتا ہے۔
گزشتہ مئی میں سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی اجلاس (سی ڈی ڈبلیو پی) نے این 25 کے خصدار، کچلاک سیکشن کو دو رویا کرنے کی منظوری دی تھی جس کی لمبائی 330.52 کلومیٹر ہے۔
این ایچ اے نے ستمبر 2021 میں اس منصوبے کے لیے ای-بولی کی دعوت دی تھی اور اس عمل میں کارکردگی، شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے ایک آن لائن پلیٹ فارم فراہم کیا تھا۔
