چینی ٹیکنالوجی سے آراستہ، ایل یو ایم ایچ ایس میں جدید ڈینٹل لیبارٹری کا افتتاح کر دیا گیا
جامشورو (گوادر پرو) لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (ایل یو ایم ایچ ایس) جامشورو میں ایڈوانسڈ ڈینٹل لیبارٹری کا افتتاح کر دیا گیا ایل یو ایم ایچ ایس ایڈوانسڈ ڈینٹل کیئر سنٹر چینی ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام دین اُجان نے لیبارٹری کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وی سی نے کہا کہ دانتوں کا علاج انتہائی مہنگا اور غریب لوگوں کی پہنچ سے باہر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لوگ پرائیویٹ کلینکس اور ہسپتالوں میں دانتوں کا علاج نہیں کرا سکتے اس لیے ایل یو ایم ایچ ایس انتظامیہ نے ڈینٹل لیبارٹری قائم کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جدید ترین چینی ٹیکنالوجی سے لیس اس لیبارٹری میں مریضوں کے مصنوعی دانت 70 فیصد رعایت پر بنائے جائیں گے۔
پروفیسر اُجان نے حاضرین کو بتایا کہ ایک پرائیویٹ لیبارٹری میں 12000 روپے کی قیمت والا دانت یہاں 2500 روپے میں بنایا جائے گا۔
ایل یو ایم ایچ ایس ڈینٹل لیبارٹری ایک مکمل اور جدید دندان سازی کی لیبارٹری ہے جس میں ہر قسم کے دانت بنائے جائیں گے۔ اس کی جدید مشینری چین اور کچھ جرمنی سے درآمد کی گئی ہے۔
اس موقع پر ڈین آف ڈینٹسٹری ایل یو ایم ایچ ایس پروفیسر فیروز کلہوڑو، چیئرمین پراستھوڈانٹک پروفیسر عامر محمود بٹ، ڈاکٹر عرفان شیخ، پروفیسر کاشف چنہ، پروفیسر عامر اقبال میمن، ڈاکٹر آصف گلزار، پروفیسر منیر بنگلانی، پروفیسر رضوان میمن، پروفیسر شہزاد،اظہر اکبر میمن، رحیم شیخ شریف بیگ و دیگر نے شرکت کی۔
