سی پیک نے پاکستان کے صنعتی شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا،پی بی ایس
اسلام آ باد ( گوادر پرو )پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس ( پی بی ایس ) کی طرف سے شائع کردہ لیبر فورس سروے ( ایل ایف ایس ) کے مطابق گزشتہ تین سالوں کے دوران نئی سب سے زیادہ ملازمتیں صنعتی شعبے میں پیدا ہوئی ہیں ۔
سروے کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستان کی معیشت نے گزشتہ تین سالوں کے دوران مجموعی طور پر 5.5 ملین ملازمتیں پیدا کیں – اوسطاً سالانہ 1.84 ملین ملازمتیں، جو کہ 2008 سے 18 کی دہائی کے دوران نئی ملازمتوں کی تخلیق کی سالانہ اوسط سے کہیں زیادہ ہے۔
5.5 ملین میں سے 2.5 ملین نوکریاں صنعتی شعبے میں پیدا ہوئیں۔ پی بی ایس کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ زراعت کے شعبے میں مزید 1.4 ملین اور خدمات کے شعبے میں تقریباً 1.7 ملین ملازمتیں پیدا ہوئیں۔
ماہرین کا خیال ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) نے توانائی کے بحران کو حل کرکے اور براہ راست اور بالواسطہ ملازمتیں فراہم کرکے پاکستان کے صنعتی شعبے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں صنعت کاری کا ہدف ملک بھر میں تقریباً 475,000 براہ راست اور ایک ملین بالواسطہ ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔
پاکستان کو حالیہ دنوں میں دو اہم مسائل کا سامنا تھا،ایک توانائی کا بحران اور دوسرا صنعتی صلاحیتوں کا فقدان۔
سی پیک کے تحت توانائی کے متعدد منصوبوں کے کمرشل آپریشن سے پہلے پاکستان شدید ترین بجلی بحران کا شکار تھا، جس میں ایک دن میں 12 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، جس سے صنعتی پیداوار میں خلل پڑتا تھا۔
اس لیے سی پیک دونوں مسائل کے حل میں مددگار ہے۔ سی پیک کے تحت شروع ہونے والے مزید توانائی کے منصوبوں نے ملک میں صنعت کاری کو فروغ دینے میں مدد کی۔
وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے حکام کے مطابق سروے کے نتائج کی توثیق سرکاری اور آزاد ماہرین پر مشتمل ایک تکنیکی کمیٹی نے کی۔پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس ( پی بی ایس ) نے سروے میں 6,808 بلاکس اور 99,904 گھرانوں کا احاطہ کیا۔