خنجراب پاس یکم اپریل سے تجارت کیلئے کھو ل دیا جائے گا
اسلام آ باد (گوادر پرو) وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے تجارت اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ چین یکم اپریل 2022 سے خنجراب بارڈر کھول رہا ہے، برآمد کنندگان فائدہ اٹھائیں اور چین کو اپنی برآمدات میں اضافہ کریں۔
عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ چین 1 اپریل 2022 کو خنجراب بارڈر کھول رہا ہے۔ اس سے نہ صرف پاک چین ایف ٹی اے کے دوسرے مرحلے کے استعمال میں مدد ملے گی بلکہ سرحد کے دونوں طرف تجارت خصوصا پھلوں کی تجارت میں مدد ملے گی،
وزیر اعظم کے مشیر نے نے کہا کہ پاکستان کے شمال کی جانب سے سبزی برآمد کرنے والے اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ برآمد کنندگان فائدہ اٹھائیں اور چین کو اپنی برآمدات میں اضافہ کریں۔
درہ خنجراب دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم تجارتی راستہ ہے اور عام اوقات میں یہ عام طور پر مئی سے نومبر تک تجارت اور سفر کے لیے کھلا رہتا ہے۔ تجارتی مقاصد کے لیے اس کے دوبارہ کھلنے سے پاکستان میں کاروباری برادری میں نئی جان آئے گی۔ پاکستان میں برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان نے اس مثبت قدم کا پرتپاک خیرمقدم کیا ہے۔
