وزیراعظم عمران خان کی چینی سرمایہ کاروں کو ’پرکشش‘ مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت
اسلام آباد (گوادر پرو) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے منگل کی سہ پہر چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور ملک میں ''پرکشش'' مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
اسلامی تعاون تنظیم کے وزرا خارجہ کونسل (او آئی سی) کے 48 ویں اجلاس می کے موقع پر وزیر اعظم نے چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کا دوسرا مرحلہ صنعتی ترقی، زراعت اور معلومات جیسے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کے ساتھ اقتصادی ترقی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تقویت دے گا
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے سٹیٹ کونسلر وانگ ای کا پاکستان میں پرتپاک خیرمقدم کیا۔
وزیر اعظم اور ریاستی کونسلر نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ رفتار اور ابھرتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم خان نے بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے لیے اپنے حالیہ دورہ چین اور چینی قیادت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کو یاد کیا۔
