En

چین کے رئیل می نے پاکستان میں موبائل پروڈکشن شروع کر دی

By Staff Reporter | Gwadar Pro Mar 1, 2022

لاہور()چینی اسمارٹ فون برانڈ رئیل می نے لاہور   میں قائم  اپنے یونٹ میں موبائل فونز کی تیاری شروع کردی ہے۔

وزیر اعظم پاکستان کے مشیر تجارت و سرمایہ کاری   عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں  رئیل می موبائلز کو مبارکباد دینا چاہوں گا جس نے لاہور میں اپنے یونٹ میں مقامی طور پر موبائل کی پیداوار شروع کر دی ہے،اس سے نہ صرف روزگار پیدا ہوا   بلکہ اس سے ان کے مقامی طور پر بنائے گئے اسمارٹ فونز کی قیمت میں بھی کمی آئی ہے۔

   عبدالرزاق داؤد کے مطابق  نئی  ڈویلپمنٹ  صنعت کاری اور درآمدی متبادل کو فروغ دینے کی وزارت تجارت کی ''میڈ ان پاکستان'' پالیسی سے ہم آہنگ ہے۔

چینی موبائل فون مینوفیکچرنگ کمپنیوں نے پاکستان کا درآمدی موبائل فون پر انحصار کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ 2021 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار، مقامی مینوفیکچرنگ پلانٹس کے ذریعے موبائل فون کی پیداوار نے موبائل فون کی درآمدات کو پیچھے چھوڑ دیا۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اعدادوشمار کے مطابق  2021 کے دوران  پاکستان نے مقامی طور پر 24.66 ملین فون تیار کیے اور 10.26 ملین فون درآمد کیے ہیں۔ 2020 میں  مقامی طور پر تیار کردہ فونز کی تعداد 13.05 ملین تھی جب کہ ملک نے 24.51 ملین فون درآمد کیے تھے۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles