En

پاکستان کے شہر لاڑکانہ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا نیا نظام متعارف

By Staff Reporter | Gwadar Pro Feb 3, 2022

لاڑکانہ (گوادر پرو) ہمارے پیارے ملک پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کو مقامی سہولیات کی فراہمی میں درپیش بڑے چیلنجوں میں سے ایک اپنے شہریوں کو صفائی کی مناسب سہولیات کی فراہمی ہے۔ ایک مسئلہ یہ ہے کہ گندے پانی کے بہاو¿ کا انتظام کیا جائے اس کے ساتھ ساتھ روزانہ کی بنیاد پر جمع ہونے والے کوڑے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کا نظام ہونا بھی ضروری ہے۔ حکومت سندھ نے حال ہی میں لاڑکانہ میں اس سلسلے میں ایک بڑا اور مثبت قدم اٹھایا ہے۔ چین کی معروف کمپنی “گانسو” اب اس سلسلے میں سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی اور باقاعدہ منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔

کوڑا کرکٹ اور اس کی مناسب تلفی کا مسئلہ صرف لاڑکانہ شہر تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جو پاکستان کے ہر شہر، قصبے اور گاو¿ں کو متاثر کرتا ہے۔ پاکستان کے بڑے اور ترقی یافتہ شہر اس مسئلے سے اسی طرح نبرد آزما ہیں جس طرح دوسرے چھوٹے شہر جدوجہد کر رہے ہیں۔ اس لیے یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ لاڑکانہ میں شروع کیے گئے اس سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کو ایک پائلٹ پروجیکٹ کا درجہ حاصل ہے۔ اس پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی اور اس کے مسائل حل کرنے کے تجربے کو مستقبل میں دیگر شہروں میں لاگو کرنے میں مشکلات کو کم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

یہ بات کافی عرصے سے زیر بحث تھی کہ ویسٹ مینجمنٹ کا باقاعدہ اور جدید نظام ہونا چاہیے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے سندھ حکومت متحرک ہو گئی اور لاڑکانہ میں عارضی طور پر ستر گاربیج کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں سے کچرا اٹھایا جا سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے شہر کے قریب لینڈ فل سائٹ تلاش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ جبکہ اس سلسلے میں اوپن ٹینڈر دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ بین الاقوامی شہرت یافتہ کمپنیوں کے ذریعے یہ ہدف حاصل کیا جا سکے۔ یہ ٹینڈر جاری کیا گیا اور اس ٹینڈر کے اجراءسے لے کر بولی کی منظوری تک اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ سب کچھ مکمل طور پر شفاف ہے۔ تمام کمپنیوں کی جانب سے بہترین پیشکش چینی کمپنی گانسوکی جانب سے دی گئی۔ اس کمپنی کی تمام تفصیلات کا تعین مروجہ بین الاقوامی ضوابط کے مطابق کیا گیا ہے۔

ٹینڈر میں کہا گیا ہے کہ کمپنی اپنی گاڑیاں گھروں کے دروازوں سے کچرا اٹھانے کے لیے استعمال کرے گی۔ کمپنی گھروں کے ساتھ ساتھ مرکزی شاہراہوں، گلیوں اور بازاروں سے کوڑا اٹھانے کی ذمہ دار ہو گی اور جب اسے اکٹھا کیا جائے گا تو اسے ٹھکانے لگانے کے لیے گاربیج ٹرانسفر سٹیشن تک لے جایا جائے گا۔ اس دوران حفظان صحت کے بین الاقوامی معیارات سے متعلق تمام امور کا خیال رکھا جائے گا۔

اس اقدام کا دوسرا بڑا قدم صفائی کا ہدف حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کے لیے سینکڑوں ملازمتوں کے دروازے کھولنا ہوگا۔ اس سے نہ صرف صفائی کے نظام پر مثبت اثر پڑے گا بلکہ اس سے مقامی لوگوں کی صحت کے ساتھ ساتھ روزگار کے ذرائع بھی حاصل ہوں گے۔ اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں صوبہ سندھ میں حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کیا تھا۔ اگلے قدم کے طور پر سندھ حکومت نے کراچی کی صفائی کے لیے ٹینڈر بھی طلب کر لیے ہیں۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles