En

پسند خان بلیدی چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی   تعینات

By Staff Reporter | Gwadar Pro Sep 16, 2022

اسلام آباد (گوادر پرو) وفاقی حکومت نے جمعرات کو پسند خان بلیدی کو گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) کا نیا چیئرمین،وزارت بحری امور مقرر کر دیا۔

کیبنٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک باضابطہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے بلوچستان سول سروس (BCS) کے  گریٹ 20 کے آفیسر  پسند خان  بلیدی کو  گوادر پورٹ اتھارٹی (GPA) کا چیئرمین مقرر کردیا ہے۔ بلیدی کو فوری طور پر اور اگلے حکم تک معیاری شرائط و ضوابط پر دو سال کے لیے ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر تعینات کیا گیا ہے۔
 
بلیدی جی پی اے کے چیئرمین نصیر خان کاشانی کی جگہ لیں گے جو 2019 سے بطور چیئرمین خدمات انجام دے رہے تھے۔

پسند خان بلیدی کا تعلق بلوچستان سول سروس سے ہے جنہوں نے 1997 میں سروس جوائن کی، وہ بلوچستان کے مختلف اضلاع اور ڈویژنل کمشنرز میں ڈپٹی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ نئے چیئرمین نے حکومت بلوچستان اور حکومت پاکستان میں مختلف اہم عہدوں پر بھی کام کیا ہے جن میں سیکرٹری توانائی، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری لیبر، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اور کمشنر افغان مہاجرین، اور صوبائی مردم شماری کمشنر شامل ہیں۔

گوادر کی گہری بندرگاہ قراقرم ہائی وے کے بعد پاک چین دوستی کی دوسری عظیم یادگار ہے جو دونوں ممالک کو ملاتی ہے۔

بندرگاہ کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے ساتھ گوادر  ایک چھوٹا سا ماہی گیر وں کا گاؤں خطے کے اہم ترین قصبوں میں سے ایک بن گیا ہے اور مشرق وسطیٰ، مغربی ایشیا، اور جنوبی ایشیا کے  سب سے اہم اور جدید شہروں میں سے ایک بننے کے لیے تیار ہے۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles