چین پاکستان کے سیلاب زدگان کے لئے 30 کروڑ یوآن اضافی امداد دے گا
بیجنگ (گوادر پرو)چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی (سی آئی ڈی سی اے) کے ڈائریکٹر لاوچاؤہوئی نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ چین پاکستان کو مزید 300 ملین یوآن کا امدادی سامان فراہم کرے گا۔
انہوں نے اس پیغام کا اعلان چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پاکستان لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز سے ویڈیو کے ذریعے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے پاکستان سے درخواست کی کہ وہ جلد از جلد ضروری سامان کی فہرست فراہم کرے اور نقل و حمل کے طریقہ کار کا تعین کرے تاکہ چینی امداد جلد از جلد سیلاب متاثرین تک پہنچ سکے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پہاڑ وں سے اونچی، سمندر سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی دوستی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 2008 میں چین میں سیچوان زلزلے کے دوران پاکستان نے اپنے تمام خیمے اسٹاک متاثرہ علاقہ میں بھیجے تھے۔ پاکستان میں سیلاب کے آغاز پر، چینی فوجی طیارے امداد کے لیے 3000 خیمے لے کر گئے۔ چین نے پاکستان کی ضرورت کے مطابق 200 ٹن پیاز بھی اکٹھا کیا ہے جو ایک ہفتے کے اندر قراقرم ہائی وے کے ذریعے پاکستان پہنچ جائے گا۔ چائنا میٹرولوجیکل ایڈمنسٹریشن بھی پاکستان کو موسم کی حقیقی پیشن گوئی فراہم کرتی ر ہے گی۔ عام چینی لوگ، کاروباری ادارے اور مقامی حکومتیں بھی نقد اور ہرقسم کے عطیات جمع کر رہی ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان آہنی دوستی کا اظہار۔
انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں چین آفات سے نجات کے تجربے کو شیئر کرنے اور آفات کے بعد کی تعمیر نو میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پاکستان کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے چینی قیادت اور چینی عوام کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے پاکستان کی تازہ ترین صورتحال اور امدادی سرگرمیوں بارے تفصیل سے بریفنگ د یتے ہوئے بتایا کہ چین کی طرف سے فراہم کردہ خیموں کی پہلی کھیپ سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچ گئی ہے اور درج ذیل مرحلے میں مخصوص ضروریات کا اشتراک کیا اور امدادی سامان کی تقسیم میں چین کے ساتھ تعاون کے لیے آمادگی کا اظہار کیا۔
پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ، کراچی میں قونصل جنرل لی بیجیان، چین میں پاکستانی سفیر معین الحق اور وزارت تجارت، وزارت ایمرجنسی مینجمنٹ، بیورو آف میٹرولوجی اور چین کے دیگر محکموں کے اراکین نے ویڈیو اجلاس میں شرکت کی۔