چین کی ریڈ کراس سوسائٹی کا پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے 300,000 ڈالر کا عطیہ
اسلام آباد (گوادر پرو) چین کی ریڈ کراس سوسائٹی نے ملک میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کو 300,000 ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔
اسلام آباد میں چینی سفارتخا نے میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران سفیر نونگ رونگ نے یہ چیک پاکستان ہلال احمر سوسائٹی کے چیئرمین ابرار الحق کے حوالے کیا۔
ابرار الحق نے اپنے آفیشل ٹویٹر پیج پر لکھا کہ چینی ریڈ کراس سوسائٹی نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کو سیلاب سے نجات کے لیے 300,000 امریکی ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔ یہ چیک مجھے سفیر نونگ رونگ نے اسلام آباد میں چینی سفارت خانے میں ایک تقریب کے دوران دیا۔
اس موقع پر سفیر نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سیلاب سے شدید تباہی کا سامنا ہے اور چین پاکستان کی امداد اور تعاون جاری رکھے گا ''۔
رواں سال مون سون بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے 1,162 افراد ہلاک اور 3,545 زخمی ہوئے۔ جون کے وسط سے بارشوں اور سیلاب نے 10,57388 مکانات کو مکمل یا جزوی طور پر نقصان پہنچایا ہے، جس سے 33,046,329 آبادی متاثر ہوئی ہے۔
منگل کو چین سے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچی۔ چین نے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے ہنگامی بنیادوں پر انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں 25 ہزار خیمے اور دیگر سامان بھی شامل ہے۔