پاکستان کا چین کی جانب سے بروقت امداد پر اظہار تشکر
بیجنگ (چائنہ اکنامک نیٹ) چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاکستانی حکومت کی جانب سے سیلاب پر قابو پانے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی کوششوں کے لیے چین کی بروقت مدد کو سراہا۔
چائنہ اکنامک نیٹ (سی ای این) کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں معین الحق نے کہا کہ پاکستان کو تمام صوبوں اور علاقوں میں شدید سیلاب کا سامنا ہے۔ اب تک 1000 سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور کئی گاو¿ں بہہ گئے ہیں جبکہ کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔
چین اس مشکل وقت میں ہمیشہ کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ چین اور اس کی تنظیموں کی طرف سے جو مدد فراہم کی گئی ہے وہ بہت بروقت اور بہت قیمتی ہے۔ اس بار بھی چین آگے بڑھ رہا ہے اور یہ صرف پہلا قدم ہے۔
سفیر نے امید ظاہر کی کہ چین کے اعلان کے علاوہ مستقبل میں مزید چینی امداد بھی آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مون سون کی شدید بارشوں سے آنے والے سیلاب سے ہزاروں مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک میں صورتحال کافی سنگین ہے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے اندازوں کے مطابق پاکستان میں 30 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
سفیر نے کہا کہ ہم چین کی حکومت کے بروقت امداد کے اعلان پر بے حد مشکور ہیں اور پاکستان کو خیموں اور پناہ گاہوں کی شکل میں امداد ک کو یقینی طور پر جلد ہی پاکستان روانہ کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چینی حکومتی اور دیگر ادارے نہ صرف اظہارِ یکجہتی کے لیے سفارتخانے سے رابطہ کر رہے ہیں بلکہ عطیات اور دیگر امداد کی پیشکش بھی کر رہے ہیں ، وہ خشک خوراک اور ادویات وغیرہ بھی فراہم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال اب بھی بدل رہی ہے اور سفارت خانہ چینی حکومت اور دیگر تمام اداروں سے رابطے میں ہے۔ انہوں نے سی ای این کو بتایا کہ ہم نے چین کے بڑے صوبوں اور دیگر اہم اداروں کو مدد کے لیے خطوط بھی لکھے ہیں کیونکہ وہ اس مشکل صورتحال میں ہماری مدد کر رہے ہیں۔
سفیر نے کہا کہ انہوں نے آج ہی چین میں پاکستانی کمیونٹی کو ایک پیغام بھیجا ہے اور ان سے اپیل کی ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح آگے آئیں اور اس مشکل وقت میں اپنے ہم وطنوں کا ساتھ دیں اور وزیر اعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ میں دل کھول کر حصہ ڈالیں اور اکاونٹ نمبرز کی تفصیلات کمیونٹی کے ساتھ شیئر کر دی گئی ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں چینی کاروباری اداروں نے گزشتہ جمعرات کو فوری طور پر 15.5 ملین روپے عطیہ کیے ہیں۔