گوادر کے راستے گندم کی درآمد زیر غور
گوادر (گوادر پرو) گوادر پورٹ اتھارٹی اور نیشنل فوڈ سیکیورٹی ڈویژن کے تعاون سیگوادر کے راستے گندم کی درآمد کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس سے گوادر بندرگاہ میں بزنس، کامرس اور تجارتی سرگرمیوں کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔
گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) کے چیئرمین نصیر خان کاشانی اور نیشنل فوڈ سیکیورٹی ڈویژن کے سیکریٹری ظفر حسن کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات میں اہم پیش رفت ہوئی۔
جی پی اے کے چیئرمین نصیر خان کاشانی نے گوادر بندرگاہ کے ذریعے گندم کی درآمد کی تیاری کو ایک نیا سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ گندم کی درآمد سے گوادر میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ جب سرگرمیاں شروع ہوں گی تو اس سے روزگار میں بھی اضافہ ہوگا، کام کے پورے پیمانے کو سنبھالنے کے لیے ہنر مند، نیم ہنر مند اور غیر ہنر مند افرادی قوت کی ضرورت ہوگی۔
اسٹیک ہولڈرز کے ان پٹ کے حصول کے لیے گندم کی درآمد کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جی پی اے کے چیئرمین نصیر خان کاشانی نے مقامی سرمایہ کاروں اور گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ جلد مشاورتی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس موقع پر نیشنل فوڈ سیکیورٹی ڈویژن کے سیکرٹری ظفر حسن نے کہا کہ ہم پہلی بار گوادر بندرگاہ کے مفید چینل کو استعمال کرتے ہوئے اپنے گندم کے کوٹے کا بڑا حصہ درآمد کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے راستے گندم کی درآمد کے فوائد کے بارے میں مزید فکر انگیز میٹنگز منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیشنل فوڈ سیکیورٹی جلد از جلد چیزوں کو انجام دینے کے لیے تیار ہو جائے گی۔