بیجنگ میں مینار پاکستان کی نقل کی نقاب کشائی
یجنگ (چائنا اکنامک نیٹ) چین میں پاکستانی سفیر معین الحق نے چین اور پاکستان کے درمیان سدا بہار دوستی کو مزید فروغ دینے کے لیے بیجنگ کے چاؤ یانگ پارک میں مینارِ پاکستان (یادگارپاکستان) کی نقل کی نقاب کشائی کی۔
ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ یہ پاکستان کی ایک بہت ہی خاص قومی یادگار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہمیں پاکستان کی تاریخ کے ایک انتہائی اہم دن 23 مارچ 1940کی یاد دلاتا ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے ایک قرارداد کے ذریعے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا تھا۔
یہ یادگار پاکستان کے 220 ملین عوام کی آزادی، اور امید کی علامت ہے۔ سفیر نے امید ظاہر کی کہ اس نقل کو چین کے عوام پسند کریں گے اور یہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی کی علامت کے طور پر بھی کام کرے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین کی وزارت خارجہ کے ایشیا ڈپارٹمنٹ کے قونصلر چن وی نے کہا کہ چین اور پاکستان سدابہار اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور گہری دوستی سے لطف اندوز ہورہےہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ یادگار چینی عوام میں پاکستان کے بارے میں آگاہی کو مزید فروغ دے گی۔
مینارِ پاکستان (پاکستان کی قومی یادگار) کی یہ نقل 2021 میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کی یاد میں چاؤیانگ پارک میں نصب کی گئی ہے۔
تقریب میں سینئر سفارتکاروں، حکام اور چینی اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
