حکومت 600 میگاواٹ کے ونڈ، سولر انرجی منصوبوں کے نرخ جاری کرے ، غیرملکی سرمایہ کارکمپنیاں
اسلام آباد (گوادر پرو) چینی، کویتی اور جرمن کمپنیوں سمیت غیر ملکی سرمایہ کاروں نے حال ہی میں وفاقی حکومت سے استداعا کی ہے کہ وہ 600 میگا واٹسے زائد صلاحیت کے حامل صاف اور سستی بجلی کے 11 ونڈ اور سولر انرجی منصوبوں کے ٹیرف کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے ان منصوبوں کے ٹیرف کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے لیکن وزارت توانائی کی جانب سے ابھی تک سرکاری گزٹ میں ان کو جاری نہیں کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے سپانسرز اپنے منصوبوں کو آگے بڑھانے سے قاصر ہیں۔ پاکستان فارن رینیوایبل انرجی انویسٹرز فورم کی جانب سے وفاقی سرمایہ کاری بورڈ کو بھیجے گئے خط کے مطابق نیپرا نے ان منصوبوں کے لیے تقریباً 3.5 امریکی سینٹ فی یونٹ کے سب سے کم ٹیرف کی منظوری دے دی ہے۔
ان منصوبوں میں صوبہ سندھ میں نورینکو انٹرنیشنل ٹھٹھہ پاور (100 میگاواٹ کا ونڈ پاور پلانٹ) شامل ہے ، جسے نورینکو انٹرنیشنل نے سپانسر کیا ہے۔ جرمنی میں قائم آئی بی ووگٹ جی ایم بی ایچ ( ib Vogt GmbH)کے زیر اہتمام P&G پی اینڈ جی) انرجی نے گوادر میں 62.2 میگاواٹ کے سولر پاور پلانٹ کے لیے لائسنس حاصل کر لیا ہے۔ نیز، کویت میں قائم اینرٹیک نے صوبہ بلوچستان کے شہر بوستان میں 50 میگاواٹ کے شمسی توانائی کے پلانٹ کا لائسنس حاصل کیا ہے۔ دیگر منصوبوں میں ایران پاک ونڈ پاور پلانٹ (50 میگاواٹ)، سینو ویل (50 میگاواٹ)، شفیع ونڈ (50 میگاواٹ)، جاوید سولر (50 میگاواٹ)، کلاچی سولر (50 میگاواٹ) اور مورو پاور (25 میگاواٹ) شامل ہیں۔
سندھ حکومت نے وفاقی حکومت پر بھی زور دیا ہے کہ وہ ان پاور پلانٹس کے ٹیرف کا نوٹیفکیشن جاری کرے تاکہ ان منصوبوں پر کام شروع کیا جا سکے۔
فورم کے وی پی اور مورو پاور کمپنی کے سی ای او مصطفیٰ عبداللہ نے گوادر پرو کو بتایا کہ اس معاملے کو وفاقی کابینہ کی سطح پر حل کیا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے حال ہی میں نورینکو انٹرنیشنل کے حکام کو ان کے منصوبے سے متعلق مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی تھی۔
مصطفیٰ نے کہا کہ یہ کمپنیاں پہلے ہی زمین کی خریداری اور کاغذی کارروائی پر ان منصوبوں میں 20 ملین امریکی ڈالر تک کی سرمایہ کاری کر چکی ہیں اور تمام منصوبے عملدرآمد کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے پاکستان کے پاور مکس میں قابل تجدید توانائی کے بڑھتے ہوئے حکومتی وژن کے مطابق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے 450 ملین امریکی ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کریں گے اور زیادہ سے زیادہ 800 ملازمتیں پیدا کریں گے۔