En

چین کی یوٹونگ بس کمپنی سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ پلانٹ لگائے گی

By Staff Reporter | Gwadar Pro Jul 16, 2022

کراچی (گوادر پرو) چین کی یوٹونگ بس کمپنی پاکستان کے جنوبی صوبے سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ پلانٹ لگانے پر آمادہ ہوگئی ہے ۔ یہ پلانٹ کراچی یا حیدرآباد میں 15 سے 18 ایکڑ اراضی پر لگایا جائے گا۔ یوٹونگ بس ایک بڑے پیمانے پر جدید چینی مینوفیکچرنگ کمپنی ہے جو بس کی تیاری میں مہارت رکھتی ہے۔

یہ پیشرفت جمعرات کو صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن اور چین کی یوٹونگ بس کمپنی کے کنٹری منیجر پال چانگ کے درمیان ملاقات کے دوران ہوئی۔ اس موقع پر پال چانگ کے ساتھ سروس ہیڈ یوٹونگ وینر وانگ بھی تھے۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق اجلاس میں اگلے ہفتے تک اس سلسلے میں ایک ٹھوس تجویز تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا،انہوں نے مزید کہا کہ پلانٹ 15 سے 18 ایکڑ اراضی پر لگایا جائے گا ۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ پلانٹ لگانے کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری سے پاکستان کے پبلک ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بہتری آئے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

 اس موقع پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کیپٹن (ر) الطاف حسین ساریو اورنیشنل ریڈیو ٹرانسمیشن کمپنی ( این آر ٹی سی ) کے پروجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق بھی موجود تھے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ رواں ماہ کے شروع میں چینی وفد نے شرجیل میمن سے ملاقات کے دوران کراچی میں نئی بس سروس متعارف کرانے پر اتفاق کیا تھا۔ نئی بس سروس 500 بسوں کے بیڑے پر مشتمل ہوگی، جو چار ماہ میں شہر پہنچ جائیں گی۔

یوٹونگ بس ایک بڑے پیمانے پر جدید مینوفیکچرنگ کمپنی ہے جو آر اینڈ ڈی ،بس مصنوعات تیار اور فروخت کرتی ہے۔ اس کمپنی کے پوری گاڑی تیار کرنے کے تین پروڈکشن پلانٹس ہیں جو چین کے صوبہ ہینان کے شہرژینگزو میں واقع ہیں۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles