وزیر اعظم کا سی پیک کے تحت جاری منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کرنے کا عزم
اسلام آباد (گوادر پرو) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں چینی کمپنیوں کے تعاون سے ہم اقتصادی زونز اور ہر اس جگہ چینی مشینری لانے کی کوشش کریں گے جہاں پاکستان اور چینی سرمایہ کاری کے ذریعے ترقی کو فروغ دیا جاسکے۔
رشکئی اسپیشل اکنامک زون میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا چین ہائی ٹیک صنعتی منصوبوں کی ایک مختلف سطح پر چلا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین میں لیبر مہنگی اور پاکستان میں نسبتاً سستی ہے اور ہم ایک ایسے ملک میں ہیں جہاں ہمارے پاس ہنر مند اور نیم ہنر مند لیبر نسبتاً سستی ہے۔
انہوں نے کہا یہ پاکستان کا پہلا اقتصادی زون ہے اور یہ میری ذاتی دلچسپی اور عزم ہے کہ پاکستان میں اقتصادی زونز کو فروغ دیا جائے اور یہ عمل خاص طور پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام صورتحال سے قطر نظر ہم سب نے عزم کیا ہے کہ ہم مل کر کام کریں گے تاکہ پاکستان میں صنعتی سرمایہ کاری کو فروغ دیتے ہوئے ملازمتیں اور ریونیو حاصل کیا جائے اور آنے والے وقتوں میں پاکستان ایک ترقی یافتہ اور مستحکم ملک بنے۔
اس موقع پر وزیراعظم کو چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن (سی آر بی سی) کی جانب سے رشکئی اسپیشل اکنامک زون کی تعمیر و ترقی پر بریفنگ بھی دی گئی۔
پی ایم نے مزید کہا کہ سی آر بی سی نے ماضی میں اپنے تجربے اور دیگر کمپنیوں کے ساتھ حیرت انگیز کام کیے ہیں "ہمیں بیٹھ کر ایک منصوبہ بنانا چاہیے جس کے تحت چینی اور پاکستانی کمپنیاں ایک دوسرے کے وسائل کو استعمال کر سکیں۔ ہم خصوصی اقتصادی زونز سے اپنے وفود چین بھیج سکتے ہیں اور چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی طرف راغب کر سکتے ہیں۔