En

کے پی حکومت نے  سی پیک روڈ نیٹ ورک کے لیے بجٹ مختص  کر دیا

By Staff Reporter | Gwadar Pro Jun 15, 2022

اسلام آباد  (گوادر پرو)   خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت نے پیر کو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت سڑکوں کے نیٹ ورک کے لیے 47.8 بلین روپے کے تاریخی بجٹ کا اعلان کیا۔

خیبرپختونخوا  کے بجٹ-23 2022 میں سڑکوں کے منصوبوں میں سوات موٹر وے فیز II کی تعمیر اور دیر اور ڈی آئی خان موٹر وے پر عملی کام کا آغاز شامل ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت اپنے فلیگ شپ پراجیکٹ سوات موٹروے فیز II کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔

وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کے مطابق سیاحت اور مواصلات کے فروغ کے لیے ان موٹر ویز کی تعمیر رواں سال شروع ہو جائے گی۔

80 کلومیٹر طویل سوات موٹروے فیز II منصوبہ چکدرہ انٹر چینج سے مدین فتح پور انٹر چینج تک تعمیر کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر یہ موٹروے چار لین پر مشتمل ہو گی جس کو مستقبل میں چھ لین تک بڑھایا جا سکے گا۔

اس کوریڈور میں کل 9 انٹر چینج ہوں گے جن میں چکدرہ انٹر چینج، شموزئی انٹر چینج، بریکوٹ انٹر چینج، مینگورہ انٹر چینج، کانجو انٹر چینج، مالم جبہ یونیورسٹی آف سوات انٹر چینج، شیر پالم انٹر چینج، مٹہ خوازہ خیلہ انٹر چینج اور مدین پور انٹر چینج شامل ہیں۔

اس کے علاوہ دریائے سوات کے مختلف مقامات پر آٹھ مین پل بھی بنائے جائیں گے۔ چار ریسٹ ایریاز کی تعمیر کو بھی پراجیکٹ کا حصہ بنایا گیا جبکہ ضرورت پڑنے پر لنک ہائی ویز فراہم کی جائیں گی۔

 ڈی آئی خان  موٹروے   کی تکمیل کے ساتھ  ڈی آئی خان شمالی پنجاب، جنوبی خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے لیے کاروباری مرکز بن کر ابھرے گا۔ مزید برآں، موٹر وے بڑی منڈیوں تک زرعی اجناس کی نقل و حمل میں سہولت فراہم کرے گی۔

مزید یہ کہ دیر موٹروے کی تعمیر سے لوئر دیر، چترال اور دیگر منسلک علاقوں میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ حکام کا یہ بھی خیال ہے کہ دیر موٹروے کی تعمیر سے آمدورفت میں وقت اور وسائل دونوں کی بچت ہوگی۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles