En

کروٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سی او ڈی تک  3.9 بلین روپے کی مفت بجلی فراہم کرے گا، شہباز شریف

By Staff Reporter | Gwadar Pro May 26, 2022

اسلام آباد (گوادر پرو)  وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا  ہے کہ کروٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ   کمرشل آپریشن ڈیٹ(سی او ڈی) تک   نیشنل گرڈ کو 3.9 بلین روپے کی مفت بجلی فراہم کرے گا۔
 
کے ایچ پی پی کے دورے کے دوران وزیراعظم  نے کہا کہ زوم کے ذریعے تقریب میں موجود 'تھری گورجیز' کے چیئرمین اور ان کی ٹیم کا شکر گزار ہوں کیونکہ اس سے پاکستان کے خزانے کو 4 ارب روپے کی بچت ہوگی اور آج ہم ایک ایک ڈالر کو بچانے کے لیے ترس رہے ہیں،سی او ڈی کے حصول تک مفت بجلی، پاکستان کی تاریخ میں بے مثال چیز ہے۔ 

وزیراعظم کے مطابق اگر اس کا موازنہ کوئلے سے پیدا ہونے والی یا فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی سے کیا جائے تو یہ رقم تقریباً 9 ارب روپے بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاک چین دوستی کی اصل روح ہے جو ہمالیہ سے بلند، شہد سے میٹھی اور  سمندر گہری ہے، ہم آہنی  بھائی ہیں۔

 یہ سی ٹی جی  کی طرف سے بہت اچھا کام ہے، جو سی پیک  کا حصہ ہے،میرے ذہن میں کوئی شک نہیں کہ اس طرح کے اور بھی بہت سے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس ہوں گے جو ہم مشترکہ تعاون اور چین اور پاکستان کی اس دوستی کے ذر یعے تعمیر کریں گے، شہباز شریف نے کہا کہ ایسے منصوبے وقت کے ساتھ ساتھ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرہ بنائیں گے انہوں نے کہا کہ میں اس شاندار کام پر چینی ٹیم اور واپڈا حکام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

کے ایچ پی پی پاکستان میں ایک رن آف ریور کنکریٹ کور راک فل گریویٹی ڈیم ہے جس کی نصب صلاحیت 720 میگاواٹ ہے۔ کے ایچ پی پی سلک روڈ فنڈ کا پہلا سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے اور یہ  سی پیک  کا حصہ بھی ہے۔ یہ منصوبہ کروٹ پاور کمپنی تیار کر رہی ہے جس میں تھری گورجز ساؤتھ ایشیا انویسٹمنٹ لمیٹڈ شامل ہے، جو چائنا تھری گورجز کارپوریشن، چائنا-سی ٹی جی سی، اور ایسوسی ایٹڈ ٹیکنالوجیز آف پاکستان کا ذیلی ادارہ ہے۔ یہ پہلا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ہے جس کی مالی اعانت چین کے سلک روڈ پراجیکٹ نے کی ہے۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles