En

پاکستان کی چین کو چاول کی برآمدات میں 3.9 فیصد اضافہ، 132.59 ملین ڈالر تک پہنچ گئی

By Staff Reporter | Gwadar Pro Apr 13, 2022

یجنگ  (گوادر پرو)  چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن  آف کسٹمز    (جی اے سی سی) کے مطابق رواں  سال کے پہلے دو ماہ میں پاکستان کی چاول کی برآمد 3.90 فیصد اضافے کے ساتھ 132.59 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔

2022 کے پہلے دو مہینوں کے دوران دو طرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور چین نے 347,434 ٹن سے زیادہ چاول کی مختلف اقسام درآمد کیں جس سے حجم کے لحاظ سے 18 فیصد اور مالیت کے لحاظ سے 132.5 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ چاول 294,240 ٹن اور اسکی مالیت 127.61 ملین ڈالر تھی۔ 

بیجنگ  میں  پاکستان کے کمرشل قونصلر  بدر الزماں نے گوادر پرو کو بتایا مجھے امید ہے کہ اس سال پاکستان چین کو چاول کی 10 لاکھ ٹن برآمد کا ہدف حاصل کر لے گا اور چند سالوں میں  پاکستان چینی مارکیٹ میں چاول کا سب سے بڑا برآمد کنندہ بن جائے گا۔ میرے خیال میں چینی بیج اور ٹیکنالوجی، خاص طور پر رنگ چھانٹنے والی مشینوں نے پاکستانی چاول کی چین کو برآمد بڑھانے میں مدد کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال چین نے پاکستان سے 437 ملین ڈالر مالیت کے تقریباً 973,000 ٹن چاول درآمد کیے تھے۔

بدر الزمان نے مزید کہا کہ پاکستان چین کو چاول برآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے  انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس مارکیٹ میں پاکستانی چاول کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے روایتی اور خاص طور پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کر رہے ہیں۔

کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق نائب صدر اور انٹیگرا ٹریڈ اینڈ مارکیٹنگ کے سی ای او شمس الاسلام خان نے گوادر پرو کو بتایا کہ چین کو چاول کی برآمدات میں اضافے کی وجہ یہ ہے کہ ٹو ٹا چاول پر کوئی کوٹہ سسٹم لاگو نہیں ہے اور ڈیوٹی 10 فیصد ہے  جبکہ چینی ہائبرڈ بیج نے یہاں پیداوار اور کاشت میں اضافہ کیا۔

شمس الاسلام خان نے مزید کہا میں نے درخواست کی کہ چین مزید پاکستانی کمپنیوں کو منظوری کی فہرست میں ڈالے  جن کی تعداد اب 53 ہے اور تمام ڈیوٹیز ختم کر دی جائیں جو پاکستان کی چین کو چاول کی برآمدات کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ جولائی میں چین کے کسٹم نے 7 مزید پاکستانی چاول یونٹوں کو چینی مارکیٹ میں چاول برآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔ جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹم پی آر آف چائنا کی منظور شدہ فہرست میں کل کمپنیوں کی تعداد 53 تک پہنچ گئی۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 2022 کے پہلے دو ماہ میں چین کو پاکستان کی برآمدات 670 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئیں، جس میں جنوری سے  اس سال فروری تک تقریباً 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles